• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں،پیر مصور خان

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کی تکمیل سے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی،ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے گزشتہ روز اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی میاں عمر کاکاخیل سے بات چیت کے دوران کیا، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میاں عمر کاکاخیل نے معاون خصوصی کے ساتھ اپنے حلقے کے مسائل سمیت دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی،معاون خصوصی پیر مصور خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں فلاحی حکومت کے قیام کے لیے بھرپور طریقے سے پرعزم ہے، صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بلا تفریق کام کیا جارہا ہے، میرے دفتر کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے ہر وقت کھلے ہوتے ہیں، صوبے کے عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے، معاون خصوصی برائے جنگلات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت میں ہر ضلع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، اجتماعی نوعیت کے ان منصوبوں کی تکمیل سے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی، پیر مصور خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کی غرض سے محکمہ جنگلات سمیت دیگر محکموں میں اصلاحات کا سلسلہ شروع دن سے جاری ہے جس کے دوررس نتائج مرتب ہونگے، آخر میں رکن صوبائی اسمبلی میاں عمر کاکاخیل نے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا
پشاور سے مزید