ماہرین کے مطابق باورچی خانے کی تزئین و آرائش ایک بڑا قدم ہے، جو نہ صرف آپ کے گھر کی قدر بڑھا سکتا ہے بلکہ آپ کی صحت و تندرستی پر بھی مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ پیشہ ور افراد اپنے مؤکلوں کے لیے کیا کر رہے ہیں اور آپ کے گھر کے لیے کیا تجویز کر رہے ہیں۔ ’نیشنل کچن اینڈ باتھ ایسوسی ایشن‘ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، ’’آئندہ تین برسوں میں توجہ، پائیداری اور صحت و تندرستی پر مرکوز رہے گی۔‘‘
ان دونوں ترجیحات میں کچھ مماثلت ہے؛ مثال کے طور پر، وہی ایل ای ڈی ٹیکنالوجی جو صحت و تندرستی کے لیے سرکاڈین لائٹنگ کی حمایت کرتی ہے، توانائی کی کارکردگی میں بھی مددگار ہے۔ باورچی خانے کی تزئین اکثر مالکان کا ہدف ہوتی ہے، کیونکہ رہن کی بلند شرح اور جائیداد کی قیمتوں کے باعث گھر تبدیل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں ذکر کیے گئے صحت و تندرستی ڈیزائن کے پانچ رجحانات یہاں پیش کیے گئے ہیں اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انہیں آپ کے باورچی خانے کے منصوبے میں شامل کرنے کی وجہ کیا ہے۔
سوال یہ ہے کہ آپ ان رجحانات کو اپنے باورچی خانے کی تزئین و آرائش میں کیسے شامل کریں گے۔ یہ صرف مستقبل کی فروخت کے لیے آپ کے گھر کی قدر بڑھانے کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ اس وقت کے دوران آپ کی صحت و تندرستی کو بہتر بنانے کا بھی ہے۔
1-صحت مند طرزِ زندگی پر زور
رپورٹ کے مطابق، ’’باورچی خانہ صحت مندی کا مرکز بنتا جا رہا ہے، اور 74فی صد جواب دہندگان کا ماننا ہے کہ ’اسٹیم کوکنگ‘ اور ’ایئر فرائنگ‘ ٹیکنالوجی کے حامل اوون صحت مند کھانے کے طریقوں کو فروغ دینے کے لیے مقبول ہوں گے۔‘‘ گیس کے چولہوں سے نکلنے والے زہریلے مادوں کے بارے میں آگاہی بڑھنے کے ساتھ ہوا کے معیار کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔
رپورٹ میں شامل ڈیزائنر، تھام فیلیشیاکہتے ہیں، ’’چند مقامات جن پر توجہ دی جا سکتی ہے، ان میں کاؤنٹر ٹاپ کا مواد، پانی صاف کرنے کا نظام، اسٹیم کوکنگ، ایل ای ڈی لائٹنگ، کم VOC پینٹس اور ہر ممکن حد تک پودے شامل کرنا شامل ہے۔‘‘
2- ذاتی طرزِ زندگی کی اہمیت
رپورٹ کے مطابق، باورچی خانے کا ڈیزائن گھر مالک کی شخصیت کس عکاس ہوتا ہے، اور سروے میں 92فیصد جواب دہندگان نے اس بات سے اتفاق کیا کہ باورچی خانہ گھر کی مجموعی شخصیت پر سب سے زیادہ اثر ڈالتا ہے۔ رپورٹ مزید بتاتی ہے کہ 71فیصد افراد رنگین باورچی خانہ پسند کرتے ہیں، جبکہ 75 فیصد ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ منفرد باورچی خانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ڈیزائنر کیلب اینڈرسن مشورہ دیتے ہیں، ’’اپنی جگہ کو مکمل طور پر اپنی شخصیت کا عکاس بنائیں۔ اپنے خوشی کے لمحات، اقدار، اور ضروریات کا مشاہدہ کریں اور انہیں اپنے ڈیزائن میں شامل کریں۔ اور تخلیقی بننے سے مت گھبرائیں۔‘‘
3- باہر کے ماحول سے جُڑاؤبایوفیلک ڈیزائن کا رجحان بڑھ رہا ہے، اور 72 فیصد جواب دہندگان نے بتایا کہ مالکان ایک ایسا باورچی خانہ چاہتے ہیں جو باہر کے ماحول سے زیادہ جڑا ہو۔ رپورٹ کے مطابق، بڑی کھڑکیاں روشنی لانے کے لیے مقبول انتخاب بن رہی ہیں، جبکہ 64 فیصد لوگ جڑی بوٹیوں اور سبزیوں کے باغات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
اینڈرسن ان لوگوں کے لیے تجاویز دیتے ہیں جن کے باورچی خانے میں بیرونی رسائی یا جگہ کم ہے، ’’قدرت کے رنگوں سے متاثر ہو کر ڈیزائن میں فطری عنصر شامل کریں۔ یہ باورچی خانے کے تجربے کو زیادہ بامقصد اور ذہنی سکون بخش بنا سکتا ہے۔‘‘
4- غیر ضروری سامان سے نجات
کھلی الماریاں اور شیلف اب ماضی کا حصہ بن رہی ہیں کیونکہ گھر مالکان زیادہ سے زیادہ ایسے کچن کی خواہش رکھتے ہیں جو غیر ضروری سامان سے پاک ہوں۔ سروے کے مطابق، 87فی صد لوگوں نے کہا کہ گھر مالکان چھپی ہوئی الماریوں اور کیبنٹ ڈیزائن کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ باورچی خانے کی خوبصورتی برقرار رکھی جا سکے، جب کہ 66فی صد نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں واک-اِن پینٹریز اور بٹلر پینٹریز کا رجحان مقبول ہوگا۔
یہ رجحان خاص طور پر بچوں اور نوجوانوں والے گھروں میں کھلے شیلف اور شیشے کے دروازوں والی الماریوں کی ترتیب برقرار رکھنے کے چیلنج کو کم کرتا ہے۔اینڈرسن مشورہ دیتے ہیں کہ، ’’رفتار کم کریں، یہ سوچیں کہ آپ کے کچن میں کیا اور کیوں ضروری ہے۔ سوچ سمجھ کر کیا گیا انتخاب آپ کے ماحول کو صاف ستھرا اور تخلیق و فراوانی کے لیے سازگار بناتا ہے۔
5- روشنی میں اضافہ
گھر مالکان اب کچن میں موڈ اور فعالیت کو بڑھانے کے لیے روشنی کے اہم کردار پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ سروے کے مطابق، 74فی صد لوگوں نے کہا کہ وہ روشنی کا استعمال اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کرتے ہیں۔ 88فی صد شرکاء نے کہا کہ کچن ڈیزائن میں قدرتی روشنی اور روشنی کے معیار کو اہمیت دی جاتی ہے تاکہ مختلف ماحول پیدا کیے جا سکیں، جیسے صبح کے وقت کافی پینے کے لیے روشنی کی چمک یا شام کی تقریب کے لیے مدھم روشنی۔
ڈیزائنر میشل اسمتھ بوائیڈ کا کہنا ہے، ’’اچھی طرح سے ڈیزائن کی گئی روشنی سہولت، خوبصورتی اور صحت و تندرستی کے امتزاج کا مرکز ہے۔ یہ ضروری ہے کہ کچن کی روشنی کو کام اور دن کے وقت کے مطابق ترتیب دینے کی صلاحیت موجود ہو۔‘‘ انہوں نے اسمارٹ سرکیڈین سسٹمز اور ٹاسک لائٹنگ کے فوائد پر زور دیا اور کہا کہ یہ جدید باورچی خانے کا ایک لازمی جزو ہے۔