• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برآمدہ جسے اکثر ہم ہال وے کہتے ہیں، گھر کا وہ حصہ ہے، جس پر عمومی طور پر کم ہی توجہ دی جاتی ہے، حالانکہ اگر اس کے ڈیزائن اور آرائش پر توجہ دی جائے تو یہ گھر کا ایک خوبصورت حصہ بن سکتا ہے۔

یہ گھر کا وہ حصہ ہے، جہاں سادہ دیوار بھی بہترین انتخاب ثابت ہوتی ہے، جس کے ساتھ بچھا خوبصورت ڈیزائن والا رنگین کارپٹ، چند ایک کرسیاں اور خوبصورت آرکیٹیکچر اس کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہوئے ایک سادہ سے برآمدے میں بھی جان ڈال سکتے ہیں۔ 

اگر دیوار پر ایک ہی سائز کے فریمز ترتیب سےلگا دیے جائیں تب بھی اس حصے کو چار چاند لگ جاتے ہیں اور گھر میں آنے والا ہر شخص اس طرف متوجہ ہوئے بغیر نہیں رہ سکے گا۔ آپ اپنے گھر کے برآمدہ کے ڈیزائن اور سائز کے مطابق اس کی آرائش کرسکتے ہیں۔

چھوٹا برآمدہ

ایک چھوٹے کارنر ہال وے میں زندگی سے بھرپور روشن وال پیپر ز، اس جگہ کے لحاظ سے موزوں رہیں گے جبکہ بنیادی فرنیچر، ایک آئینہ، لیمپ اور کچھ شو پیس بھی اسے لاجواب بناسکتے ہیں۔

برآمدے کو دیدہ زیب بنائیں 

آپ ہال وے کی دیوار کو بلیک بور ڈ کی طرح بناکر اس پر ہر روز چاک سے کئی تخلیقی نمونے بھی بنا سکتے ہیں۔ بچوں کیلئے تو یہ آئیڈیا بہت اچھوتا اور دلچسپی سے بھرپور ر ہے گا اور وہ گھر کی دیگر دیواروں کو گندا کرنے کے بجائے اسی چاک بورڈ پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے رہیں گے۔ ان کی تخلیقی صلاحیتیں نہ صرف اُبھریں گی بلکہ وہ بہت اچھی بھی لگیں گی۔

آپ برآمدے کی پوری دیوار کو بلیک بورڈ بنانے کے بجائے ایک حصے پر بلیک بورڈ اور باقی پر شیلف لگالیں تو اس سے ایک پنتھ دو کاج کا محاورہ سچ ثابت ہو سکتاہے۔ دیواروں پر ایستادہ شیلف اسٹائلش بھی نظر آئیں گے اور آپ کے لیے فائدہ مند بھی رہیں گے۔ آ پ اس میں اپنی من پسند کتابیں رکھیں اور بچے چاک بورڈ سے اپنا دل بہلاتے رہیں۔

کتابوں کے لیے دراز

کتابوں کیلئے دراز رکھنے اور دیگر اشیا جیسے کہ تصویریں وغیرہ دیواروں پر لگانے سے نہ صرف برآمدے کو زبردست انداز دیا جاسکتا ہے بلکہ اس طرح اسے کارآمد بھی بنایا جاسکتا ہے، بصورت دیگر گھر کا یہ حصہ کسی کام میں نہیں آئے گا۔

فوٹو بوتھ

یہ بھی فوٹو گیلری جیساہی ہے لیکن اس میں تصویریں کسی فوٹو بوتھ کی طرح اوپر سے نیچے یعنی عمودی طرز پر لگی ہوتی ہیں۔ یہ اسٹائل عموماً تنگ یا چھوٹے برآمدے کیلئے بہترین ہوتا ہے۔ جگہ کم ہونے کے باعث الگ الگ تصاویر لگانے کے بجائے ان کا خوبصورت کولاج بنایا جاسکتا ہے۔

فو ٹو گیلری

یہ اسٹائل آپ کو بیشتر گھروں میں نظر آئے گا۔ اپنی یادو ں کو فوٹو کی شکل دے کر آپ اسے خوبصورت فریمز میں قید کرکے برآمدے کی دیواروں پر سجائیں گے تو یہاں سے گزرنے والے ایک پل کو ضرور ٹھہرکر دیکھیں گے اور داد دیئے بنا نہیں رہ سکیں گے۔ ہو سکتا ہے جیسے آرٹ ورک کی نمائش ہوتی ہے، ویسے ہی گھر آئے مہمان یہاں کچھ وقت گزاریں اور آپ کے بیتے لمحوں کے بارےمیں دلچسپی لیں۔

چھوٹا سٹنگ ایریا

اکثر آپ نے ریستورانوں میں دوکرسیاں اور ایک میز لگی دیکھی ہوگی۔ آ پ بھی اپنے برآمدے میں ایساہی انتظام کرسکتے ہیں، جہاںدو لوگ آمنے سامنے بیٹھ کر چائے پی سکیں، اخبار پڑھ سکیں، بات چیت کرسکیں یا پھر سامنے دیوار پر لگی تصاویر پر تبصرہ کرسکیں۔

لکڑی کے تختے

برآمدے کی دیواروں کی سجاوٹ کے ساتھ اگر اس کا فرش لکڑی کا بنادیا جائے تو یہ بے مثال خوبصورتی پیدا کرتاہے۔ لکڑی کے فرش کے ساتھ لکڑی کے ہی بنے فوٹو فریمز ایک عمدہ خیال ثابت ہو سکتے ہیں۔ پرانے نایاب رنگ اور لکڑی کی گرماہٹ سے برآمدہ پر سکون اور آرام دہ محسوس ہو سکتا ہے۔

بڑے فریم

برآمدے کی دیوار پر بڑے بڑے فریم لگا کر ان میں چھوٹے سائز کا آرٹ ورک لگانا بھی ایک نیا آرٹ سامنے لاتاہے۔ تنگ جگہ یا چھوٹے ہالز کو آئینوں سے سجا کروسیع دکھایا جاسکتا ہے۔

بلیک اینڈ وائٹ

اگر آپ کے برآمدے کی دیواریں بالکل سفید ہیں تو یہاں آپ جو بھی آرٹ ورک یا فریم لگائیں گے، وہ اگر سیاہ ہوں تو یہ ایک منفرد اسٹائل سامنے لاتاہے اور یہاں سے گزرنے والا متوجہ ہوئے بنا نہیں رہ سکتا۔

کپڑے سے ڈھکی ہوئی دیواریں 

دیواروں کو رنگین اور پھولوں والے کپڑے سے کور کردیا جائے تو یہ برآمدے میں وال پیپرز والا ہی تاثر پیش کرے گا۔ آپ اپنی پسند کے پھولوں اور رنگوں والے کپڑے کا انتخاب کرکے ایک عام سے برآمدے کو بھی خاص بنا سکتے ہیں۔ خوبصورت پھولوں والے کپڑے سے ڈھکے برآمدے میں آپ کو لگے گا کہ آپ کسی باغ میں چہل قدمی کررہے ہیں۔