عموماً ہمارے ہاں گھر کی چھت بے کار، اُجاڑ اور بیابان ہوتی ہے۔ اس کو ایک قسم کا اسٹور سمجھ کر کاٹھ کباڑ اور غیر ضروری اشیا رکھنے کی جگہ کے طور پر کام میں لیا جاتا ہے، یا کہیں اسے کپڑے دھونے اور انھیں سُکھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ گھر والوں کو چھت پر جانے کا خیال بارش کے موسم میں آتا ہے یا پھر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران تازہ ہوا کے حصول کے لیے، ورنہ تو چھت بے وقعت سمجھی جاتی ہے۔
گھر کی تعمیر کے دوران چھت کے بنتے ہی تعمیراتی کام ختم کردیاجاتاہے، جس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ یا تو بجٹ ختم ہوجاتاہے، یا پھر چھت کو آراستہ کرنے کا کام ’’ بعد پر‘‘ ٹال دیا جاتا ہے۔ آ پ کے گھر کی چھت بھی اگر آپ کے نظرِ کرم کی منتظر ہے تو اسے آراستہ کرنے کے چند ایک آئیڈیاز پر کام کیا جاسکتا ہے۔
ٹائلز لگائیں
چھت کے فرش کو نامکمل چھوڑنے سے بہتر ہے کہ اسے مکمل کرلیا جائے اور اگررنگین ٹائلز یا سرامکس کا استعمال کرلیاجائے تو آپ خود محسوس کریں گے کہ اس کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اس کا فائدہ یہ بھی ہےکہ پانی ٹھہرے گا نہیں اور دھلائی یا صفائی آسان ہو جائے گی۔ بچوں کو کھیلنے یا سائیکل وغیرہ چلانے میں بھی مزہ آئے گا اور آپ بھی گرمیوں کی شاموں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
باغ لگائیں
بازاروں میں ایسی اشیا بآسانی دستیاب ہیں جن میں بغیر کسی نقصان کے چھتوں پر خوبصورت باغ بنانے کیلئے مناسب سائز کے پودے لگائے جاسکتے ہیں۔ یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ چھت پر پودوں کیلئے جو گملے یا کیاریاں بنائی جائیں ان میں فالتو پانی کے نکاس کا ایسا نظام موجود ہو کہ نہ تو وہ کیاری یا گملے میں رہ جائے اور نہ ہی چھت کو نقصان پہنچا سکے۔
گملوں اور کیاریوں کو چھت پر اس انداز سے رکھا جائے کہ چھت سے ان کے پیندے کی اونچائی کم از کم 3انچ ہو، تاکہ اضافی پانی گملوں سے بآسانی خارج ہو اور چھت پر نہ ٹھہرے۔
اس طرح چھت کی سطح بھی خشک رہے گی اور چھت ٹپکنے یا عمارت کو پانی سے نقصان پہنچنے کا خطرہ بھی نہیں ہوگا۔ چھت پر اگر پودوں کیلئے دیواروں کے ساتھ ساتھ جگہ بنالی جائے اور درمیان میں اٹھنے بیٹھنے کی جگہ بھی سلیقے سے بنا لی جائے تو سستانے کیلئے اچھا ماحول میسر آسکتا ہے۔ چھت پر ایسے پودے لگائیں جو ماحول دوست ہوں، جن کی دیکھ بھال کے لیے زیادہ توجہ کی ضرورت نہیں ہوتی اور ان کو چھت پر لگانے سے آنکھوں پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
بیٹھک بنائیں
کھلی چھت بیک وقت بہت سے مقاصد کے لیے استعمال ہو سکتی ہے ۔ چھت کو ڈیزائن کرتے وقت اس بات کا ضرور دھیان رکھا جاتا ہے کہ اس کو کس طرح زیادہ سے زیادہ کھلا اور خوبصورت بنایا جائے، جو آپ کے بیٹھنے کی ضرورت کو بھی پورا کرے اور دلکش بھی لگے۔ اکثر لوگ اس مقصد کے لیے ماہرین سے مشورہ کرتے ہیں، جوکہ ایک بہتر طریقہ بھی ہے۔
اگر آپ کے گھر زیادہ مہمان آئے ہوئے ہیں اور کھانے کے کمرہ میں جگہ اتنی کم ہے کہ آپ کو اپنے مہمانوں کی تواضع کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے، تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کی چھت اس مقصد کے لیے بہترین ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈائننگ ایریا
آپ اپنی چھت کو کھانا کھانے کی جگہ بھی بنا سکتے ہیں۔ کرسیوں اور کھانے کی میز کو اپنی چھت پر لگائیں اور منفرد روشنیوں کا استعمال کرکے کھانے کا لُطف دوبالا کریں۔
اضافی کچن
اگر آپ کے گھر کی چھت خوبصورت انداز سے بنی ہے تو آپ اس میں تھوڑی سی بہتری کرکے اسے مزید خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ چھت پر کچن بنانے کے تصور کو اچھا سمجھا جاتا ہے۔
گھر کے تمام افراد مل کر آپس میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی پسند کے کھانے بنا سکتے اور لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اگر کچن کا آئیڈیا مناسب نہ لگے تو باربی کیو کائونٹر بھی بنایا جاسکتا ہے اور باربی کیو پارٹیز سے لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔
مطالعہ کی جگہ
اگر آپ کتابیں پڑھنے کے شوقین ہیں تو چھت اس مقصد کے لیے بہترین ثابت ہوسکتی ہے، کھلی فضا اور تنہائی میں آپ مطالعہ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ چھت پرایک چھوٹی سی لائبریری بھی بنائی جاسکتی ہے، جو اسکو ل یا کالج کی پڑھائی کے لیے استعمال ہوسکتی ہے۔
سماجی تقریبات
اگر آپ سماجی سرگرمیوں کو پسند کرتے ہیں تو اپنی چھت کو اس مقصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ گھر میں مختلف قسم کی سرگرمیاں اپنی چھت پر منعقد کر سکتے ہیں، پھر چاہے وہ عید ملن پارٹی ہو یا سالگرہ، آپ ہر طرح سے سب کے ساتھ مل کر اپنے ہی گھر میں خوبصورت ماحول ترتیب دے سکتے ہیں۔
سوئمنگ پول
چھت پر سوئمنگ پول کی تعمیر بھی اچھا آئیڈیا ہے۔ لیکن اگر اتنے وسائل نہ ہوں، تو بازار میں دستیاب بنے بنائے سوئمنگ پولز کو چھت پر رکھ کر مزہ اٹھایا جاسکتا ہے۔