سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور ان کی اہلیہ سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے جمی کارٹر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے.
اپنے ایک بیان میں سابق صدر نے کہا ہے کہ جمی کارٹر کو دوسروں کی خدمت کے لیے جیتے تھے، اپنی صدارت کے دور کے بعد بھی جمی کارٹر نے ایماندارانہ انتخابات کی حمایت، امن کو آگے بڑھانے اور جمہوریت کو فروغ دینے میں کوششیں جاری رکھیں۔
سابق امریکی صدر باراک اوباما نے بھی جمی کارٹر کو خراج تحسین پیش کیا، باراک اوباما نے کہا کہ جمی کارٹر نے ہم سب کو انصاف اور خدمت کے ساتھ باوقار زندگی گزارنے کا مطلب سکھایا.
سابق صدر جارج بش نے جمی کارٹر کی وفات پر اپنے بیان میں کہا کہ جمی کارٹر کی خدمات نے ایک مثال قائم کی ہے جو امریکیوں کو نسلوں تک متاثر کرے گی.
واضح رہے کہ امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر سو سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں وہ 1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر رہے، ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔
جمی کارٹر نے امن کا نوبیل انعام بھی حاصل کیا، صدارت کے عہدے کے خاتمے کے بعد انھوں نے انسانی حقوق کے لیے کام کیا۔