اسرائیلی فوج کی جانب سے قرار دیے گئے نام نہاد سیف زون المواصی پر بم باری سے 11 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں بارش، سردی اور خوراک کی کمی نے 14 ماہ سے جاری جنگ کے باعث انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا۔
سردی کے باعث غزہ میں ساتواں نومولود جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد ہائپوتھرمیا سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
ادھر 632 اسرائیلی آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں مسجد الاقصیٰ کے احاطے پر دھاوا بول دیا اور وہاں مذہبی رسومات ادا کیں۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل پر حملے بند نہ کیے اور یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو ایسی طاقت سے وار کیا جائے گا جو غزہ میں طویل عرصے سے نہیں دیکھی گئی۔
دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی نے الجزیرہ نیٹ ورک کی نشریات پر پابندی عائد کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے میں اس کے دفاتر بند کر دیے۔
فلسطینی اتھارٹی نے الجزیرہ پر ’گمراہ کن مواد‘ نشر کرنے اور فلسطین کے داخلی معاملات میں ’مداخلت‘ کا الزام لگایا ہے جبکہ الجزیرہ نے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔