مجلسِ وحدتِ مسلمین کی جانب سے کراچی میں دھرنوں پر پولیس کارروائی کی مذمت کی گئی ہے۔
مجلسِ وحدتِ مسلمین کے ترجمان نے کہا ہے کہ مجلسِ وحدتِ مسلمین کا نمائش چورنگی ہر دھرنا جاری ہے، مرکزی قائدین نمائش چورنگی پر موجود ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان نے کہا ہے کہ نمائش چورنگی پر کچھ دیر بعد مرکزی رہنما اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
دوسری جانب گلگت میں پاراچنار کے راستوں کی بندش کے خلاف چھٹے روز بھی دھرنا جاری ہے۔
مجلسِ وحدتِ مسلمین کی جانب سے کیپٹن ضمیر شہید چوک کے قریب مرکزی شاہراہ پر دھرنا دیا جا رہا ہے۔
مظاہرین کی جانب سے گزشتہ کئی دنوں سے بند پاراچنار کی مرکزی سڑک کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ پُرامن دھرنوں کے خلاف نہیں ہیں، دھرنوں سے لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے، لوگوں کو تکلیف ہو گی تو دور کرنا ہماری ذمے داری بنتی ہے، دھرنوں کے خلاف کارروائی کرنے جا رہے ہیں، کچھ لوگ ناراض ہوں گے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پارا چنار واقعے پر ہم سب غمزدہ ہیں، پارا چنار کے معاملے پر سندھ حکومت نے بھی کردار ادا کیا ہے، حکومتِ سندھ کی طرف سے پارا چنار امداد بھیجی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پُرامن دھرنوں کے خلاف نہیں ہیں، حکومت رات گئے تک دھرنے والوں سے مذاکرات کرتی رہی، کہا گیا کہ ایک جگہ دھرنا دیں، پارا چنار مسئلے کا حل ادھر ہی ہونا ہے۔