• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2024ء: پاکستان فلم انڈسٹری نے کیا کھویا، کیا پایا؟

کولاج فوٹوز: سوشل میڈیا
کولاج فوٹوز: سوشل میڈیا

2024ء بھی گزر گیا، گزشتہ برس کئی فنکاروں کا ستارہ عروج پر رہا اور کچھ نے رنگ جمانے کی کوشش کی، مگر اُنہیں وہ کامیابی نہ مل سکی جس کے وہ متمنی تھے۔

گزشتہ برس پاکستان فلم انڈسٹری میں کیا کیا ہوا؟ اس کا سرسری سا جائزہ لیتے ہیں۔

2024ء میں بھی فلم سازی کا عمل نہایت سُست رہا، جس کی وجہ سے سنیما گھروں میں سناٹوں کا راج رہا، کوئی بڑے بجٹ کی فلم ریلیز نہیں کی جاسکی البتہ نئے ڈائریکٹرز اور فنکاروں نے رُوٹھے ہوئے فلم بینوں کو منانے کی کوشش کی۔

اس کے باوجود بھی کسی فلم نے باکس آفس پر غیرمعمولی بزنس نہیں کیا۔ ماضی میں سال بھر میں سو سے زیادہ فلمیں ریلیز کی جاتی تھیں، اب ان کی تعداد دو درجن سے بھی کم ہوگئی ہے۔

2024ء میں ڈراموں کی سپر اسٹارز کو پردہ سنیما پر دیکھنے کا موقع ملا۔ ڈراموں کی خُوبصورت اداکارہ یُمنیٰ زیدی، فریال محمود اور کنزہ ہاشمی نے فلموں میں اپنا ڈیبیو کیا۔ نامور اداکارہ مہوش حیات، کُبریٰ خان، صنم سعید، عائشہ عمر اور آمنہ الیاس کی فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں۔

البتہ اداکار ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، احسن خان، شہریار منور، سمیع خان اور بلال اشرف فلموں سے دُور نظر آئے۔ معروف ہدایت کار ندیم بیگ اور یاسر نواز نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔

2024ء میں فلم انڈسٹری سے وابستہ ہنرمندوں اور فنکاروں میں مایوسی نظر آئی، سرکاری سطح پر بھی پذیرائی کا سلسلہ دیکھنے میں نہیں آیا، البتہ ’فلم پالیسی‘ پر کام ہوتا رہا، مگر اُس کے ثمرات اب تک سامنے نہیں آئے۔ 

2023ء اور 2024ء میں تقریباً ایک جیسی صورتحال سامنے آئی۔ 2023ء میں بڑے بجٹ کی فلمیں ریلیز ہوئی تھیں مگر 2024ء میں فلمی سرگرمیاں ماند رہیں۔

اب ہم 2024ء میں ریلیز ہونے والی فلموں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ سال کے آغاز میں دو تین فلمیں ریلیز ہوئیں، اِن میں نایاب، وَکھری، ٹیکسالی گیٹ شامل تھیں۔ فلم ’نایاب‘ میں ڈراموں کی پسندیدہ اداکارہ یُمنیٰ زیدی نے فلموں میں اپنی لاجواب انٹری دی۔ البتہ اُن کے ساتھ کوئی مشہور ہیرو کو کاسٹ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے فلم زیادہ بزنس نہیں کرسکی۔

فلم کے دیگر فنکاروں میں ناپا اکیڈمی کے اداکار فواد خان، اُسامہ خان، جاوید شیخ اور دیگر شامل تھے۔ فلم کرکٹ کے موضوع پر بنائی گئی تھی اس فلم کے ڈائریکٹر عمیر ناصر علی تھے۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ ہدایتکارہ اِرم پروین بلال اور پروڈیوسر عابد مرچنٹ کی فلم ’وَکھری‘ ریلیز کی گئی، جس میں نامور اداکارہ اور ماڈل فریال محمود نے مرکزی کردار نبھایا۔ فلم کا بنیادی موضوع سوشل میڈیا کی فنکارہ قندیل بلوچ کی زندگی تھا۔

فلم کے دیگر فنکاروں میں سلیم معراج، طوبیٰ صدیقی اور سہیل سمیر نے لاجواب اداکاری کی۔ وَکھری کو پاکستان سے زیادہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیولز میں پذیرائی حاصل ہوئی۔

معروف ڈائریکٹر ابوعلیحہ کی بازارِ حُسن پر بنائی گئی فلم ’ٹکسالی گیٹ‘ بھی گزشتہ برس ریلیز کی گئی جس میں ڈراموں اور فلموں کی نامور اداکارہ عائشہ عمر نے مرکزی کردار نبھایا۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں شامل یاسر حسین، مہربانو، نیّر اعجاز نے بھی اپنے اپنے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرا۔

نامور ہدایت کار وجاہت رؤف نے مہوش حیات اور علی رحمان خان کو لے کر ایک دلچسپ فلم ’دَغاباز دل‘ کے نام سے ریلیز کی، جس میں معروف کامیڈین مومن ثاقب نے بھی عمدہ کردار نبھایا۔ ’دَغاباز دل‘ میں مہوش حیات کی لاجواب اداکاری نے فلم بینوں کو متاثر کیا۔

ہدایت کار نعمان خان کی فلم ’ہم تم اور وہ‘ بھی ریلیز کی گئی، فلم میں جُنید خان، آمنہ الیاس، افشاں اور راجہ یاسر نے مختلف کردار ادا کیے۔

خاندانی رسم و رواج سے جڑی رومینٹک کامیڈی فلم ’پوپے کی ویڈنگ‘ جس میں خوشحال خان، نازش جہانگیر، ریحان شیخ اور علیزے نے مختلف کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرا۔

معروف ہدایت کار نبیل قریشی اور فضاء علی مرزا نے چند نئے فنکاروں کو لے کر فلم ’نابالغ افراد‘ بنائی، جس میں 1990ء کے دور کی عکاسی کی گئی۔ فنکاروں میں عاشر وجاہت، ثمر جعفری اور سلیم معراج نے اپنے اپنے کرداروں میں لاجواب پرفارمنس دی۔

فلموں اور ڈراموں کی مشہور اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر ممتاز کی فلم ’ابھی‘ کے گانے اور لوکیشن بہت پسند کیے گئے۔ کبریٰ خان کی اداکاری نے فلم’ابھی‘ کو دلچسپ بنایا۔

پاکستانی سائنس فکشن فلم ’عمرو عیار‘ بھی رواں برس ریلیز کی گئی جس کے ہدایت کار اظفر جعفری تھے۔ فنکاروں میں عثمان مختار، فرحان طاہر، صنم سعید اور علی کاظمی شامل تھے۔ فلم میں کثیر سرمایہ خرچ کیا گیا تھا۔ تاہم باکس آفس پر یہ فلم رنگ نہ جماسکی۔

عثمان ریاض نے ’دی گلاس ورکر‘ کے نام سے اینیمیٹڈ فلم بنائی، جسے دنیا بھر میں پسند کیا گیا۔ ”دی گلاس ورکر“ کی کہانی ایک نوجوان شیشہ بنانے والے کے گرد گھومتی ہے، جو جنگ اور سیاسی انتشار کے درمیان محبت اور زندگی کے اتار چڑھاؤ کا سامنا کرتا ہے۔

پاکستان کی پہلی اینیمیٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ کو آسکر مقابلے کےلیے بھی منتخب کیا گیا تھا۔ ہدایتکار شہزاد ملک کی فلم ’لیچ‘ میں نوید رضا، راشد فاروقی، کنزہ ملک اور عدیلہ کی اداکاری کو پسند کیا گیا۔

ڈراموں کے اداکار عفان وحید اور آمنہ الیاس کی جوڑی پر مبنی فلم ’مستانی‘ بھی 2024ء میں ریلیز کی گئی۔ 2024ء کی آخری فلم ’کٹر کراچی‘ بھی ریلیز کی گئی۔ فلم میں عمران اشرف، طلحہ انجم اور کنزہ ہاشمی نے مرکزی کردار نبھائے۔ کنزہ ہاشمی نے اس فلم سے اپنا ڈیبیو کیا۔

گزشتہ برس دسمبر میں معروف ہدایتکار جمال شاہ کی پاک چائنا مشترکہ فلم ’باتی گرل‘ چین کے سات ہزار سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی۔

یہ پاکستان فلم انڈسٹری کا مختصر جائزہ یہ تھا۔ تاہم اُمید ہے نیا سال فلم انڈسٹری کےلیے بےشمار خوش خبریاں لے کر آئے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید