جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نےکہا ہے کہ اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
یوم حق خود ارادیت کے موقع پر کشمیری اور پاکستانی نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس میں رضا بشیر تارڑ نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی اس جدوجہد کی یاد دہانی ہے جس کا مقصد ان کے جائز حق خود ارادیت کا حصول ہے۔
اجلاس میں کشمیری کمیونٹی کے رہنما شاہد مجید ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے نا انصافی اور ظلم کا شکار ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ان کی جدوجہد کی حمایت کرے اور مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
اس موقع پر کشمیری کمیونٹی کے اراکین نے اقوام متحدہ کے دفتر کا دورہ کیا اور ایک یادداشت پیش کی جس میں مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور کشمیری عوام کو ان کے حق خود ارادیت دلانے کی اپیل کی گئی۔
اس یادداشت میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروا کر کشمیری عوام کی امنگوں کا احترام کرے۔
یاد رہے کہ 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کو ان کے حق خود ارادیت دینے کی قرارداد منظور کی تھی جو آج تک عملدرآمد کی منتظر ہے۔