• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی نے غلط خبر دی کہ بشریٰ بی بی سے بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں: بیرسٹر گوہر

 
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان—فائل فوٹو
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی مذاکراتی سلسلے میں بالکل شامل نہیں ہیں، کسی نے غلط خبر دی ہے کہ ان کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں اور نہ ہی بیک ڈور کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ جو کمیٹی بانیٔ پی ٹی آئی نے بنائی ہے وہی مذاکرات کر رہی ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے 2 اجلاس ہو چکے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا ضروری ہے، ہم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بھی بتایا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اُمید تھی کہ آج ملاقات ہو گی لیکن ابھی تک کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے، اُمید ہے کل ہماری بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے گی۔

بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ ہمارے دو ہی مطالبات ہیں، اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام، بانیٔ پی ٹی آئی نے ان 2 مطالبات کے لیے ٹائم فریم دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے واضح کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ آنا چاہیے، انہوں نے القادر کیس میں کوئی ذاتی فوائد حاصل نہیں کیے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ گواہوں نے بھی عدالت میں بتایا ہے بانیٔ پی ٹی آئی کا براہِ راست کوئی لین دین نہیں تھا، اُمید ہے کہ القادر کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی بری ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید