مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں تاخیری حربے بانیٔ پی ٹی آئی کی بے گناہی کا ثبوت ہیں۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تاخیری حربوں کا مقصد بانیٔ پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنےکی ناکام کوشش ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کو بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے کہا کہ ملاقات کی اجازت نہ دینا وفاقی حکومت کی غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی وزراء کے بیانات سے بھی واضح ہے کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو بے بنیاد مقدمات میں قید کیا گیا، حکومت کی نیت مذاکرات سے زیادہ پی ٹی آئی کو الجھانا ہے، ہمارے مطالبات صاف ہیں، تحریری طور پر بتانے کی ضرورت نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی وفاقی حکومت کے تمام مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ بانیٔ پی ٹی آئی جلد نکل آئیں گے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں پر تشدد نہیں ہوا، بلدیاتی نمائندوں کی ملاقاتیں وزیراعلیٰ سے بھی ہوچُکی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کرم معاہدے پر دستخط ہوچُکے معاہدہ ہوگیا ہے اور اسی طرح برقرار ہے، ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ ہوا، شرپسندوں کا مقصد فساد پھیلانا تھا، حملہ کرنے والے کچھ لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کرم پر فائرنگ کے واقعے کا کرم معاہدے پر کوئی فرق نہیں پڑا۔
اُنہوں نے کہا کہ آمدورفت، ادویات، اور کھانے پینے کی اشیاء کا مسئلہ بھی حل کیا جا رہا ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے یہ بھی کہا کہ ہمارے خلاف جعلی اور بے بنیاد مقدمات درج کیے گئے ہیں، پی ٹی آئی کے کارکناں پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔