بھارتی اداکار رام کپور نے ’ایکٹنگ کیریئر‘ کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کا تذکرہ کردیا۔
51 سالہ رام کپور نے 1997ء میں اداکاری کے سفر کا آغاز ٹیلی ویژن پر ’نیائے‘ سے کیا تھا، اُن کو انڈسٹری میں 28 برس کا عرصہ بیت چکا ہے۔
اداکار نےا بتدائی کیریئر میں پیش آنے والی مشکلات اور والد کے ساتھ تعلقات پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ میرے والد انیل کپور رئیس بزنس مین رہے ہیں، ایکٹنگ کا بطور کیریئر انتخاب کیا تو انہوں نے مجھ سے 10 سال بات نہیں کی۔
حالیہ انٹرویو میں رام کپور نے اداکاری کی دنیا کے انتخاب پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ اس دوران مجھے پیسوں کی ضرورت پڑی تو میں نے اپنی گاڑی فروخت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے امیر والد کی اکلوتی اولاد ہونے کا بہت فائدہ اٹھایا، میں نے یہ سب مراعات اپنا راستہ خود بنانے کےلیے چھوڑ دیں اور پھر مجھے اپنا مقام بنانے میں 10 سال لگ گئے۔
اداکار نے بتایا کہ میں نے والد کو 13 یا 14 سال کی عمر میں بتادیا تھا کہ میں ایکٹنگ پروفیشن میں جانا چاہتا ہوں، لیکن انہوں نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا کیونکہ میں چھوٹا بچہ تھا اور وہ بڑے رئیس انسان تھے، اُن کےلیے کمپنی ہی میرات تھی، جیسے اُن کے اکلوتے بیٹے کو آگے بڑھانا چاہیے تھا۔
رام کپور نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے والد سے صاف کہہ دیا میں کمپنی نہیں سنبھالوں گا، پھر میں اداکاری سیکھنے کےلیے امریکا چلا گیا، وہاں سے گریجویشن کی اور بھارت لوٹ آیا، لوگوں سے کام کے لیے ملنے لگا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے صرف اپنے والد ہی کو نہیں بلکہ پوری فیملی کو بتانا تھا کہ میں یہ کررہا ہوں، ہر کوئی میری ناکامی کا منتظر تھا تاکہ میں واپس درست راستے پر آجاؤں۔