کراچی (اسٹاف رپورٹر) اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ ٹیسٹ اوپنر فخر زمان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی ٹیم میں عثمان خان کی جگہ لیں گے۔ وہ 2017 کی یادیں تازہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ عثمان خان اس وقت دبئی میں آئی ایل ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں ۔ دبئی میں ایک انٹر ویو میں جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور فخرز مان نے کہا کہ سوفیصدی یقین ہے کہ آئند ہ وائٹ بال سیریز میں دوبارہ پاکستان کے لیے کھیلوں گا ، 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کررہا ہوں ۔ یاد رہے کہ فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت کے خلاف 114 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرپاکستان کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔34سالہ فخر نے کہا کہ بہت سے لوگ نہیں جانتےلیکن میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد میں بیمار ہوگیا تھا اس لیے میں ٹیم کا حصہ نہیں تھا۔ اب میں 100 فیصد ٹھیک ہو چکا ہوں۔ فخر نے گزشتہ جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں 2024 کےٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی ہے ۔ انہوں نے آخری بار 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ون ڈے کھیلا تھا ۔ فخرزمان نے کہا کہ فی الحال پورا فوکس چیمپئنز ٹرافی پر ہے، اسی لیے آسٹریلیا اورجنوبی افریقا میں نہیں کھیلا، توجہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے خود کو دستیاب بنانے اور ٹورنامنٹ کے لیے مکمل فٹ ہونے پر ہے۔ میں نے سلیکٹرز، ہیڈ کوچ سے بات کی اور ہر کوئی چاہتا تھا کہ میں چیمپئنز ٹرافی میں کھیلوں، آپ مجھے پاکستان کی آئندہ وائٹ بال سیریز میں دیکھیں گے۔ فخر زمان نے22 سالہ اوپنر صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب نے اپنے ون ڈے کیریئر کا شانداز آغاز کیا ہے، نو اننگز میں تین سنچریاں اور ایک ففٹی، جس میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں سنچریاں شامل ہیں۔ امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ صائم اگلے چار پانچ سال تک کھیلتا رہا تو دنیا کے ٹاپ تھری کھلاڑیوں میں شامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کے تین بہترین کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان اور صائم ایوب ہیں، اس لیے کبھی کبھی میں ٹیم میں شامل ہونا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔ فخر فی الحال اپنے پہلے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی تیاری کر رہے ہیں جہاں وہ ڈیزرٹ وائپرز کے لیے کھیلیں گے۔ فخر نے کہا لہذا جب مجھے پیشکش ہوئی، کسی کے ساتھ بحث کیے بغیر، میں نے ہاں کردی۔