کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کسٹمز نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر سخت مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن ماڑی پیٹرولیم کو شکست دے کر 36سال بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ جیت لی۔ کسٹمز نے آخری مرتبہ1988میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں بدھ کو سنسنی خیز فائنل مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر تھا، ماڑی پیٹرولیم کیلئے ارشد لیاقت اور عمر مصطفی جبکہ کسٹمز کیلئے محمد حماد اور رانا سہیل نے گول کیے۔ پہلے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں دونوں ٹیموں نے پانچ پانچ گول کئے۔ دوسرے پنالٹی شوٹ آؤٹ اور پھر سڈن ڈیتھ پنالٹیز پر بھی مقابلہ برابر رہا ۔آخر کار مزید پانچ پنالٹی شوٹس میں کسٹمز نے تین ، دو سے مقابلہ جیت لیا ۔ اختتام پر صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی ، سکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد علی خان اور آصف باجوہ نے انعامات تقسیم کیے۔