کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) ٹیسٹ کرکٹ کو دو درجوں میں تقسیم کرنے کے مجوزہ بھارتی منصوبے کو آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے۔ لیجنڈز کرکٹرز نے اس کی سخت مخالفت کی ہے۔ سابق ویسٹ انڈین کپتان اور آئی سی سی میچ ریفری کلائیو لائیڈ نے کہا کہ دو درجاتی ٹیسٹ میچز اسٹرکچر پریشان کن ہے، اس کے بجائے جدوجہد کرتی ٹیموں کے بڑی ٹیموں کے خلاف زیادہ میچز پر توجہ دی جانی چاہیے۔ اگر چھوٹی ٹیمیں آپس میں مقابلہ کرتی رہینگی تو وہ ٹاپ ٹیموں میں کیسے جگہ بناپائیں گی۔سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانگاٹنگا نے اسے کھیل کی سالمیت کو تحفظ دینے کے بجائے لالچ کو ترجیح دینے کے برابر قرار دیا ہے۔ جنوبی افریقا کے سابق کپتان گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کیسے ایسا اسٹرکچر بنا سکتی ہے جو صرف ٹاپ تھری کے لیے اچھا ہو ، ورلڈ کرکٹ کو ضرورت ہے کہ جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز مضبوط ہوں، سری لنکا بہتر ہو ، جنوبی افریقا کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہے اور یہی چیز ہمارے لیے اہم ہے ۔