• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا سہ فریقی ون ڈے سیریز کراچی، لاہور میں کرانے کا فیصلہ، ملتان ویسٹ انڈیز ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرے گا

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سہ ملکی ون ڈے سیریز ملتان کے بجائے لاہور اور کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کے ساتھ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے ۔ ملتان میں ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ میچ کرائے جارہے ہیں۔ مداحوں، شائقین اور میڈیا کو یقین دلایا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تمام اپ گریڈیشن کے کام مقررہ وقت سے پہلے یا وقت پر مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس دوران پی سی بی کے کیوریٹرز ٹونی ہیمنگ کی نگرانی میں میدان اور پچ کو بہتر بنانےکے لئے کام کر رہے ہیں، ان کوششوں کو ترجیح دینے کے لیے، لاہور اور کراچی میں اپ گریڈیشن کے آغاز کے بعد سے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی گئی جبکہ راولپنڈی کی میزبانی میں آخری میچ گزشتہ سال کے آخر میں ہوا تھا۔ پی سی بی اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے کہ تمام مقامات آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 اور دیگر بین الاقوامی میچز کی میزبانی کیلئے تیار ہوں، 250 سے زائد مزدور دن رات 25 جنوری کی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور پی سی بی کو یقین ہے کہ یہ اپ گریڈیشن شائقین کے تجربے کو بلند کرے گی اور پاکستان کی ایک بہترین کرکٹ میزبان کے طور پر ساکھ کو برقرار رکھے گی ۔ پی سی بی نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی تیاریوں کا عمل تیزی سے جاری ہے اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کیلئے تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔ قذافی اور نیشنل بینک اسٹیڈیمز میں تیاریوں کی پیش رفت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سہ فریقی ون ڈے سیریز ان دونوں مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔

اسپورٹس سے مزید