غزہ میں 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، اب تک 1 لاکھ 9 ہزار 378 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 50 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔
یونیسیف کا کہنا ہے کہ 2025ء کے پہلے ہفتے میں 74 فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایندھن کی شدید قلت کے باعث مزید اسپتال بند ہوسکتے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسپتالوں کے پاس صرف ایک دن کا ایندھن باقی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ رفح میں زیرِ زمین سرنگ سے ایک مغوی کی لاش ملی ہے جبکہ بیت حنون میں آئی ای ڈی حملے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموتریچ کا کہنا ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ کو مختلف انداز میں بڑھایا جائے گا، حماس کے لیے جہنم تیار کر رہے ہیں۔
جنگ بندی کی بات چیت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حماس کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہونی چاہیے تھی۔
علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے معاہدے کے امکانات کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم معاہدے کے بہت قریب ہیں۔