جنگی جرائم کے الزامات سے بچنے کے لیے اسرائیلی فوج کے لیے نیا ضابطۂ اخلاق جاری کر دیا گیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی میڈیا کے سامنے اپنی شناخت چُھپانے کے پابند ہوں گے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری کیے گئے نئے ضابطۂ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ حاضر سروس اور ریزرو دونوں طرح کے فوجیوں پر یہ اصول لاگو ہوں گے۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوجی ترجمان ندوا شوشانی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان نئے اقدامات کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو مستقبل میں ایسے واقعات سے محفوظ رکھا جائے جو دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف جاری ہیں۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا ہے کہ چہرے چُھپانے کا حکم اسرائیلی فوج میں شامل اسرائیلی اور غیر اسرائیلی دونوں طرح کے فوجیوں کے لیے ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برازیل سے فرار ہونے والے اسرائیلی فوجی نے ایک آڈیو انٹرویو میں 500 صفحات پر مشتمل ایک دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں پر ہزاروں بچوں کے قتل کا الزام لگایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مذکورہ اسرائیلی فوجی برازیل سے اُس وقت فرار ہوا تھا جب اُس کے خلاف ہند رجب فاؤنڈیشن نامی بیلجیئم میں قائم ایک تنظیم نے جنگی جرائم کے حوالے سے برازیل کی عدالت میں شکایت جمع کرائی تھی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اس معاملے کے بعد اسرائیل کے اندر اور باہر ہر جانب سے اسرائیلی حکومت پر تنقید کی گئی تھی۔
یہاں یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے برازیل سے اپنے ایک سابق فوجی کو فرار کروایا ہے۔