لندن(پی اے ) حکومت نے بتایا ہے کہ چینل کراس کرکے برطانیہ پہنچنے کی کوشش میں مائیگرنٹ ہلاک ہوگیا، فرانسیسی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ جمعہ کی رات چینل کراس کرتے ہوئے کشتی مشکل میں پھنس گئی جس کے بعد 30سے زیادہ افراد کو ڈوبنے سے بچالیا۔ فرانسیسی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ مرنے والا مائیگرنٹ کا تعلق شام سے تھا ،مائیگرنٹ کشتی میں سوراخ ہوجانے کے بعد ایک دوسرے مائیگرنٹ سے ٹکراکر ہلاک ہوا،اس شخص کو ہفتہ کی صبح4.30 مردہ قرار دے دیا گیا ،فرانسیسی میڈیا کے مطابق ڈوبنے والے لوگوں کو بچانے کیلئے ایک ہیلی کاپٹر اور کشتیاں استعمال کرکے 35 افراد کو بچالیاگیا،ان میں وہ 15 افراد بھی شامل تھے جو پانی میں ڈبکیاں کھارہے تھے۔ مائیگرنٹس کو ایک کشتی سوار کرکے فرانس کے شمال میں واقع ماہی گیری کیلئے استعمال ہونے والی بندرگاہ Boulogne-sur-Merپر پہنچایاگیا جہاں انھیں لینڈ ریسکیو سروس اور بارڈر پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ۔ان لوگوں میں شامل ایک کمسن بچے کو ہسپتال پہنچایاگیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے ،برطانوی حکومت کے ایک ترجمان کا کہناہے کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ فرانس میں ایک چھوٹی کشتی المناک حادثے کا شکار ہوئی جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہماری دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔اس المناک حادثے سے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے چینل کراس کرنے کی ہلاکت خیزی کا اندازہ لگایاجاسکتاہے ہم اس کو روکنے کیلئے ہرممکن کوشش کرتے رہیں گے۔یہ کرمنلز صرف اپنا منافع دیکھتے یہ خیال نہیں کرتے کہ وہ قیمتی جانیں داؤ پر لگارہے ہیں ۔