سلاؤ (اورنگزیب چوہدری) میرپور پولیس شہریوں سمیت اوورسیز کشمیریوں کی جان و مال کی حفاظت ہر صورت یقینی بنا رہی ہے۔ اوورسیز کشمیری بلا خوف اپنے آبائی وطن چھٹیاں گزارنے آئیں، پولیس ان کے جان و مال کی محافظ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی پولیس ضلع میرپور خاور علی شوکت نے روزنامہ جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا پولیس اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر عوام کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے، اوورسیز کشمیری مطمئن رہیں، پولیس انہیں مایوس نہیں کرے گی۔ خاور علی شوکت نے کہا میرپور پولیس نے گزشتہ سال اپنی بہترین پیشہ ورانہ زمہ داریوں کو احسن طریقے سے سر انجام دیا، انہوں نے پولیس کی گزشتہ سال کی کارگردگی کی تفصیلات کے حوالے سے بتایا کہ میرپور پولیس نے 2024کے دوران 2074مقدمات میں 3162ملزمان کو گرفتار کیا اور بڑی مالیت کا لوٹا ہوا مال برآمد کیا۔ قتل کے 15 مقدمات میں 20ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 39ڈکیتی کیسز میں 49ملزمان سے 1.6کروڑ روپے اور 237 چوری کیسز میں 217ملزمان سے 2.03کروڑ روپے کا مال برآمد ہوا۔ منشیات کے 273مقدمات میں 431ملزمان سے 66کلو چرس، 5.3کلو ہیروئن، اور 3616 بوتل شراب برآمد ہوئی۔ اسلحہ ناجائز کے 91 کیسز میں 113ملزمان سے 4کلاشنکوف، 39 رائفل، 113پستول اور 25283روند برآمد کیے گئے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 53238چالان کیے گئے، جس سے 3.25 کروڑ روپے جرمانہ وصول ہوا۔ ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا اوورسیز کشمیری پولیس کے حوالے سے کسی بھی قانونی مدد کے لیے براہ راست ان کے ساتھ بھی رابطہ کریں۔ ایس ایس پی میرپور نے عوام اور میڈیا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔