اوسلو(ناصراکبر)پاکستان نے پی آئی اے کے علاوہ ایک نجی ائرلائن فلائی جناح کو بھی پاکستان اور ناروے کے درمیان فلائٹ آپریشن کے لئے نامزد کیا تھا جس کی نارویجن وزارت نقل و حمل نے باضابطہ طور پر توثیق کر دی ہے ۔یہ توثیق پاکستان اور ناروے کے درمیان 2014میں ہونے والے ہوائی روابط کے معاہدے کی شق 3(1) کے تحت کی گئی ہے جو دونوں فریق ممالک کے ہوائی کمپنیوں کی نامزدگی کے اختیار اور طریق کار کے متعلق ہے۔سفیرپاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور ناروے کے دیرینہ تعلقات کی ایک اور مثال ہے۔ سعدیہ الطاف قاضی نے مزید کہاکہ پی آئی اے کا آپریشن بھی جلد ناروے میں شروع ہو جائے گا، جو دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا باعث بنے گا۔