• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہریوں نے سیلاب سے بچنے کے لیے گھروں کے گرد خندقیں کھود لیں

لندن (پی اے) شہریوں نے سیلاب سے بچنے کیلئے گھروں کے گرد خندقیں کھود لی ہیں، علا قے کے رہائشی لوگوں کے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے گھروں کے ارد گرد خندقیں کھود کر اپنے گھروں کو سیلاب سے بچانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس ہفتے کے اوائل میں لیسٹر شائر میں شدید سیلاب کے نتیجے میں ایک بڑا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد لافبورو میں گرینج پارک اسٹیٹ کے پڑوسیوں اور رضاکاروں نے معاملات کو اپنے ہاتھوں میں لینے کا فیصلہ کیا۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور سیلاب کو روکنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ایک تالاب بہہ گیا ہے جس سے ان کی املاک خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تباہ کن سیلاب کو روکنے میں بڑی حد تک کامیاب رہے۔علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ لوگوں نے دن بھر پانی کے بہاؤ کا مشاہدہ کرتے ہوئے ایلن ٹورنگ روڈ پر خندقیں اور ڈیم کھودنے کا کام کیا۔ ان کی کوششوں کو ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی عارضی خندقوں سے نیچے بہہ رہا ہے جبکہ رضاکار کھدائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ خندق کھودتے ہوئے لوگوں کی انگلیاں نیلی پڑ جاتی تھیں، لیکن ہم نے باری باری یہ کام کیا اور کھدائی کے دوران وقفہ لیا گیا جس دوران کھدائی کرنے والے لوگوں کو چائے اور کافی پیش کی گئی لیکن یہ کمر توڑ نے والا کام تھا۔ لوگوں نےبتایا کہ انھوں نے چارن ووڈ بروو کونسل اور اسٹیٹ کے مالکان ولیم ڈیوس ہومز سمیت متعدد تنظیموں سے رابطہ کیا تھا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کا ذمہ دار کون ہے،لیکن کہیں سے خاطر خواہ جواب نہیں ملا جس کے بعد اس امید پر کہ مستقبل کے مسائل کو روکا جاسکتا ہے اپنی مدد کے تحت کام شروع کیا گیا۔ اس ہفتے لیسٹر، لیسٹرشائر اور رٹ لینڈ میں سیکڑوں افراد سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوئے تھے، جان بچانے والے عملے نے80 سے زائد افراد کو بچایا تھا۔ اس کے بعد سے علاقے کی کونسلوں نے حکومت سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مدد کے لئے نقد رقم جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ سیلاب کو ایجنڈے میں سرفہرست رکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیر ماحولیات اسٹیو ریڈ نے جمعرات کے روز کورن کا دورہ کیا اور سیلاب کے اثرات کا جائزہ لیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت سیلاب سے بچاؤ کے لئے2 سال میں2.4 بلین پونڈ فراہم کرے گی۔ برو کونسل کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ اسٹیٹ ولیم ڈیوس کی ملکیت ہے۔ اگر سیلاب کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے تو یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کو حل کریں۔ یکم جنوری 2025 کو کونسل نے علاقے کی دیکھ بھال کی کچھ ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، جن میں گھاس کاٹنا، کچرا جمع کرنا اور نکاسی آب کے ڈھانچوں کی جانچ کرنا شامل ہے۔ ان کو ہمارے باقاعدہ شیڈول میں شامل کیا جائے گا۔ ولیم ڈیوس کے آپریشنز ڈائریکٹر ڈیوڈ ڈوج کا کہنا ہے کہ ہمارا خیال ہے کہ یہ مسئلہ مکلن ووڈ سے متصل ایک متوازن تالاب میں رکاوٹ کی وجہ سے پیدا ہوا، جو گرینج پارک کا حصہ نہیں تھا اور یہ کسی تیسرے فریق کی ذمہ داری ہے۔ اس کے باوجود کہ گرینج پارک میں کھلی جگہوں کا انتظام چارن ووڈ برو کونسل کو منتقل کردیا گیا ہے۔
یورپ سے سے مزید