غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہری دفاع نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے باوجود اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں۔
ایک بیان میں فلسطینی شہری دفاع نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر، خان یونس اور وسطی علاقوں پر بمباری کی۔
فلسطینی شہری دفاع کے مطابق حملوں میں 21 بچوں اور 25 خواتین سمیت 77 فلسطینی شہید ہوچکے۔ حملوں میں غزہ شہر میں 66، خان یونس میں 7 وسطی علاقوں میں 4 افراد شہید ہوئے۔
فلسطینی شہری دفاع کے مطابق اسرائیلی فورسز کے تازہ حملوں میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 250 سے زائد ہے۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فورسز نے 8 حملے کیے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ان حملوں میں 81 فلسطینی شہید اور 188 زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری حملوں میں 46 ہزار 788 فلسطینی شہید ہوچکے، جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار 453 فلسطینی زخمی ہوئے۔