پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ جنہوں نے اربوں کی پراپرٹی بنائی وہ بانی پی ٹی آئی پر سوال اٹھائیں گے؟
پارلیمنٹ کے باہر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں احتجاج جاری رہا۔
انہوں نے کہا کہ این سی اے کے معاہدے کے تحت رقم سرکار کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوئی۔ اس کے ساتھ معاہدے سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا کیا دخل ہے؟
انکا کہنا تھا کہ حسن نواز نے دیوالیہ ہونا ظاہر کیا برطانیہ میں اس کا جواب دیں، حکومت نے سات دن کے اندر اندر ہمارے مطالبات کا جواب دینا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کا بحران کھڑا ہوگیا ہے، آج کیپیٹسی پیمنٹ ایک ہزار ارب تک پہنچا ہوا ہے، یہ نواز شریف حکومت کے معاہدوں کی وجہ سے ہوا۔
اس موقع پر سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دو قسم کے لوگ ہیں، آئین کی بالادستی والی صف پاکستان کو بچانے کی صف ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت جو افغانستان سرحد پر ہو رہا ہے وہ خطرناک ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس بارے میں سنجیدگی دکھانی چاہیے۔
مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے سربراہ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عوام اور سیاست دان آگے لے کر جا سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرم میں کئی مہینوں سے سڑکیں بند ہیں۔