کوئٹہ(خ ن)پاکستان میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن ایف اے او کے نمائندے فلورنس رول نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد حکومت بلوچستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا ہے، اس کے علاوہ انہوں نے یورپی یونین کے فنڈ سے چلنے والے منصوبے بلوچستان میں سیلاب کے بعد بحالی اور لائیوسٹاک سیکٹر کی مضبوطی کے تعارفی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے یورپی یونین کے تعاون سے چلنے والے منصوبے بلوچستان واٹر ریسورسز پروگرام کا بھی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر فلورنس رول نے بلوچستان میں ایف اے او کے سربراہ ولید مہدی اور سندھ میں ایف اے او کے سربراہ جیمز اوکوتھ کے ہمراہ سیکرٹری زراعت علی اکبر بلوچ، سیکرٹری لائیوسٹاک طیب لہڑی، سیکرٹری جنگلات نور احمد پرکانی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے رفیق غورزئی سے ملاقات کی جس کا محور صوبے میں زراعت، لائیوسٹاک، آبپاشی اور جنگلات میں پائیدار طریقوں کو فروغ دینے کے لئے ایف اے او اور حکومت بلوچستان کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔ اس کے علاوہ نمائندہ ایف اے او نے لائیو سٹاک کے حوالے سے منعقدہ تعارفی اجلاس میں بھی شرکت کی اور اہم فیصلے کئے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کوئٹہ کے علاقے چشمہ اچوزئی کاریز کی بحالی کا سنگ بنیاد رکھا، یہ ایک زیر زمین پانی کی نہر ہے اور 3,000 سے زائد رہائشیوں کو پانی فراہم کرنے کے ساتھ تقریباً 500 ایکڑ زرعی زمین کو سیراب کرتی ہے۔دوسری جانب انہوں نے ہنہ اوڑک کے گاؤں کلی اٹکزئی میں کلائمٹ ایڈاپٹو جانوروں کے پہلے شیلٹر کا افتتاح کیاجو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ریوائیول آف بلوچستان واٹر ریسورسز پروگرام کے تحت تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ ایف اے او نمائندہ نے کلی صوفی کے گاؤں کا بھی دورہ کیا اور وہاں کاشتکاروں کے جدید طرز پر پیاز کاشت کرنے کے عمل کو سراہا اور مزید بہتر انداز میں رہنمائی اور ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔