• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں اپنے گھروں کو خوبصورت بنانے کے دلدادہ افراد خاص طور پر ییلپ کے سالانہ ہوم ڈیزائن رجحانات نے اعلانات پر خوب نظر رکھتے ہیں۔ دنیا جس قدر تیزی سے بدل رہی ہے، اور اس سفر سے ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہورہا ہے، ہوم ڈیزائن رجحانات بھی اس میں شامل ہیں۔ 

خاص طور پر کووِڈ-19 وبائی مرض کے بعد، جہاں دیگر کئی شعبہ جات میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئی ہے، ہوم ڈیزائن کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔ ییلپ نے سال 2025 کے لیے درج ذیل چار ہوم ڈیزائن رجحانات کی بات ہے، جو نئے سال میں مقبول رہیں گے یا مقبول رہنے کے امکانات ہیں۔

1970کی دہائی کا نیا روپ

ییلپ کی رپورٹ کے مطابق، “کنورسیشن پِٹ” (369 فیصد اضافہ) جو کہ 70کی دہائی کے ڈیزائن کی ایک نمایاں خصوصیت ہے، دوبارہ مقبول ہو رہی ہے۔ یہ ڈیزائن ایک گہرے بیٹھنے والے علاقے پر مشتمل ہوتا ہے جس میں بِلٹ اِن نشستیں ہوتی ہیں، اور یہ لوگوں کو قریب لا کر سماجی تعلقات کو مضبوط کرتا ہے۔ حقیقی زندگی میں سماجی تعلقات ڈپریشن کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، خاص طور پر ان ادوار میں جب لوگ تنہائی کا شکار ہوتے ہیں۔

اسی طرح، ’’مِڈ سینچری فرنیچر‘‘ (319 فیصد اضافہ) اور ’’خم دار (curved)فرنیچر‘‘ (124 فیصد اضافہ) بھی مقبول ہو رہے ہیں۔ خم دار فرنیچر نہ صرف کمرے کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ حادثات کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کے لیے۔ 

یہ نرم اور دلکش انداز کمرے کو زیادہ خوشگوار اور آرام دہ بناتا ہے۔ اس قسم کا فرنیچر گھر میں ایک ایسی جگہ فراہم کرتا ہے، جہاں ہر عمر کے لوگ محفوظ اور آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔

یادگار تصاویر کا فریمنگ آرٹ

ییلپ کے مطابق، ’’فن کسی بھی جگہ کو زندگی بخش سکتا ہے، اور ذاتی طور پر انمول اور یادگار چیزوں کو نمایاں کرنا ایک کمرے کو خاص بنا سکتا ہے۔ صارفین ’’شیڈو باکسز‘‘ (34 فیصد اضافہ) اور ’’فلم فوٹوز‘‘ (88فیصد اضافہ) کو فریم کر کے منفرد آرٹ پیسز بنا رہے ہیں۔ یہ تخلیقی طریقہ نا صرف آپ کے قیمتی لمحات کو محفوظ کرتا ہے بلکہ گھر کے ماحول کو بھی دلکش بناتا ہے۔

یادگار تصاویر کو شیڈو باکسز میں ترتیب دینے کا رجحان نہایت ذاتی نوعیت کا ہے۔ اس میں سفر کے دوران جمع کی گئی یادگار اشیاء، خاص مواقع کی تصاویر اور دیگر قیمتی یادوں کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ یہ رجحان ناصرف آرٹ کے شوقین افراد کے لیے ایک دلچسپ آپشن ہے، بلکہ گھر کے دیگر افراد اور مہمانوں کے لیے بھی دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے۔

فطرت سے ہم آہنگ امتزاج: جاپانڈی ریڈکس

’’جاپانڈی‘‘ (Japandi) جاپانی Minimalistرجحان (کم سے کم اشیا اور چیزوں کے ساتھ رہنا) اور اسکینڈینیوین ہوم ڈیزائن کا امتزاج ہے، جس میں گھر کے اندر فالتو اور غیر ضروری چیزوں کو انتہائی ناپسند کیا جاتا ہے۔ ییلپ کے مطابق،پہلی بار اس رجحان کے مقبول ہونے کی نشاندہی 2022میں کی گئی تھی اور 2025میں یہ رجحان مزید مقبول ہو رہا ہے۔ 

اس میں فطری مواد اور کمرے کی ہم آہنگی شامل ہیں۔ ییلپ کی رپورٹ کے مطابق، ’’جاپانڈی ڈیزائن” کی تلاش میں 105فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فطری عناصر جیسے کہ پتھر (51 فیصد اضافہ)، ’’فلوُٹیڈ پینلز‘‘ (459 فیصد اضافہ)، اور ’’بایوفیلیک ڈیزائن‘‘ (124 فیصد اضافہ) کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

فطری عناصر کو شامل کرنے کا رجحان گھروں کو زیادہ پر سکون اور قدرتی ماحول فراہم کرتا ہے۔ ’’بایوفیلیک ڈیزائن‘‘ کے ذریعے گھر میں پودوں کی مناسب جگہ پر ترتیب دینا نا صرف خوبصورتی بڑھاتا ہے بلکہ ہوا کے معیار کو بھی بہتر بناتا ہے۔ یہ رجحان خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہے جو شہری علاقوں میں رہتے ہیں اور قدرتی ماحول سے دور ہیں۔

جدید اور پوشیدہ اسمارٹ ڈیزائن 

مصنوعی ذہانت اور خودکار نظاموں کی ترقی کے ساتھ، اسمارٹ ہوم ڈیزائنز اب حقیقت بن رہے ہیں۔ ییلپ کے مطابق، ’’اسمارٹ ونڈوز‘‘ (49 فیصد اضافہ)، ’’اسمارٹ لائٹنگ‘‘ (32 فیصد اضافہ)، اور ’’ملٹی فنکشنل اسمارٹ اپلائنسز‘‘ (40 فیصد اضافہ) مقبول ہو رہے ہیں۔ پوشیدہ اور عملی ڈیزائنز، جیسے ’’بِلٹ اِن بُک شیلف‘‘ (124 فیصد اضافہ) اور ’’انویزیبل کچنز‘‘ (68 فیصد اضافہ)، گھروں کو زیادہ ہم آہنگ اور جدید بناتے ہیں۔

اسمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے گھروں کی کارکردگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مثال کے طور پر، اسمارٹ ونڈوز نا صرف دھوپ سے بچاتی ہیں بلکہ سیکیورٹی میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔ اسی طرح، اسمارٹ لائٹس ہماری نیند کو بہتر بنانے کے لیے دن کے وقت کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں۔ اسمارٹ اپلائنسز، جیسے کہ جدید کچن مشینیں اور لانڈری آلات، نا صرف وقت بچاتے ہیں بلکہ توانائی کی بچت بھی کرتے ہیں۔

حرفِ آخر

چاہے آپ ’’جاپانڈی‘‘ عناصر کی تلاش میں ہوں یا ’’یادگار فریمنگ‘‘ کے شوقین، ییلپ کے 2025 ہوم ڈیزائن رجحانات آپ کے گھر کی خوبصورتی بڑھانے اور صحت مند زندگی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہ رجحانات نا صرف آپ کی ذاتی زندگی کو بہتر بنائیں گے بلکہ گھر کی فروخت کے امکانات بھی بڑھائیں گے۔

مزید برآں، ان رجحانات کو اپنانا نہایت عملی اور جدید طرز زندگی کی عکاسی کرتا ہے، جو آپ کے گھر کو نا صرف آرام دہ بلکہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق بھی ڈھالتے ہیں۔