کراچی (نیوز ڈیسک) کینیڈا نے نومنتخب امریکی صدر کی جانب سے کینیڈین مصنوعات پر ٹیکس بڑھانے کی دھمکیوں کے جواب میں امریکیوں پر ’’ٹرمپ ٹیکس‘‘ لگانے کی جوابی دھمکی دے دی ہے۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈین مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی بڑھاتے ہیں تو امریکی عوام اس کی دگنی قیمت ادا کریں گے۔ میلانی جولی نے کہا کہ کینیڈا جوابی کارروائی کرنے اور امریکا پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے لئے تیار ہے۔ جولی نے واشنگٹن میں امریکی سینیٹرز سے ملاقات کے بعد کہا "اگر ہمیں جوابی کارروائی کی ضرورت پڑی تو ہم ایسا کریں گے اور امریکیوں کو ٹرمپ کے ٹیرف ٹیکس کا پتہ چل جائے گا"۔ ڈونلڈ ٹرمپ جلد دوسری بار صدارتی عہدہ سنبھالنے والے ہیں اور انہوں نے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کے منصوبے کا اعلان کر رکھا ہے۔