• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حماس نے 3 یرغمالی خواتین کے نام اور تفصیلات اسرائیل کو دے دیں، کس طرح رہا کیا جائے گا؟

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
فوٹو: اسرائیلی میڈیا

غزہ میں جنگ بندی کا آغاز ہوگیا، جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے پہلے روز رہا کی جانے والی تین خواتین یرغمالیوں کے نام اور تفصیلات اسرائیل کو دے دیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کی طرف سے یرغمالی خواتین کو انٹرنیشنل ریڈ کراس کے سپرد کیا جائے گا، ریڈ کراس یرغمالی خواتین کو غزہ میں اسرائیل کے خصوصی فوج یونٹ پہنچائے گی، خصوصی فوجی یونٹ سے یرغمالی خواتین کو اسرائیلی فوجی مقام پر لے جایا جائے گا۔

اسرائیلی فوجی مقام پر یرغمالی خواتین کا ابتدائی طبی معائنہ ہوگا،  یرغمالی خواتین کو ابتدائی طبی معائنے کے بعد اسپتال پہنچا دیا جائے گا، جہاں وہ اپنے اہلخانہ سے ملاقات کریں گی۔

عرب میڈیا کے مطابق یرغمالی خواتین کی رہائی کا عمل پورا ہونے پر ہی اسرائیل 90 فلسطینیوں کو رہا کرے گا،  اسرائیلی قید سے رہائی پانے والوں میں زیادہ تر فلسطینی خواتین اور بچے شامل ہوں گے۔

اسرائیلی جیل خانہ جات کو آج رہا کیے جانے والے فلسطینی قیدیوں کی فہرست مل گئی۔

ترجمان اسرائیلی جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے انتظامات کر رہے ہیں۔

دوسری جانب یرغمالی خواتین میں برطانوی نژاد خاتون کا نام شامل ہونے پر برطانیہ نے خیرمقدم  کیا ہے۔

برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فہرست میں برطانوی شہری ایملی داماری کا نام ہونے کا خیر مقدم کرتے ہیں، رہا ہونے کے بعد ایملی دماری کی مدد اور تعاون کےلیے تیار ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید