• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

اب سے کچھ دیر میں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوسری غیر متواتر مدت کے لیے امریکا کے صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

یہ تقریبِ حلف برداری امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں منعقد ہو گی، جہاں سابق صدور، منتخب عہدیدار اور ٹرمپ کے اہلِ خانہ موجود ہوں گے۔

اس تقریب کے دوران سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس صدر سے حلف لیں گے، انہیں 2005ء میں صدر جارج ڈبلیو بش نے سپریم کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔

امریکی صدارتی حلف نامے میں کیا درج ہے؟

امریکا کے صدارتی حلف میں 35 الفاظ آئینی طور پر درج ہیں جو ہر صدر کو عہدہ سنبھالتے وقت ادا کرنا ہوتے ہیں۔

حلف کے الفاظ ہیں کہ میں سنجیدگی سے حلف اٹھاتا ہوں (یا اقرار کرتا ہوں) کہ میں امریکا کے صدر کے دفتر کی ذمے داریوں کو وفاداری سے نبھاؤں گا اور اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق امریکا کے آئین کو محفوظ، اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا۔

تاہم روایتی طور پر، اکثر صدور اختتام پر یہ الفاظ بھی شامل کرتے ہیں کہ خدا میری مدد کرے۔

امریکا کے 2 اعلیٰ ترین عہدے سنبھالنے والی واحد شخصیت کون؟

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امریکی تاریخ میں ایک موقع پر سپریم کورٹ کا جج صدر بھی رہا ہے۔

ولیم ہاورڈ ٹافٹ امریکا کی وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے 1909ء سے 1913ء تک امریکا کے 27 ویں صدر کی حیثیت سے اور پھر 1921ء سے 1930ء تک سپریم کورٹ کے دسویں چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں۔

ان کی یہ حیثیت انہیں امریکی تاریخ میں منفرد مقام عطاء کرتی ہے کہ ایک شخص نے ملک کے 2 اعلیٰ ترین عہدے سنبھالے۔

خاص رپورٹ سے مزید