ہالی ووڈ اور بالی ووڈ انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پاکستانی نژاد برطانوی اداکار علی خان نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے شادی کے لئے پاکستانی لڑکی کا انتخاب کیوں کیا۔
حال ہی میں نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرنے والے اداکار علی خان نے دوران انٹرویو مختلف موضوعات پر بات کی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اپنی شناخت کی وضاحت دی اور کہا کہ ’اکثر لوگ آج بھی اسی کشمکش میں مبتلا ہیں کہ میں بھارتی ہوں یا پاکستانی ہوں، اس لیے بتانا چاہتا ہوں کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں نے بھارت، پاکستان اور برطانیہ میں کام کیا اور کرتا رہوں گا، لیکن میں برطانوی ہوں‘۔
شادی سے متعلق سوال ’پیدائش کراچی میں ہوئی، پھر لندن چلے گئے وہاں سے ممبئی لیکن شادی واپس پاکستان آکر کی، اس کی کوئی خاص وجہ؟‘، پر اداکار نے تعجب کا اظہار کیا۔
علی خان نے میزبان کے سوال پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں خود حیران ہوں کہ میں نے شادی کے لیے پاکستانی لڑکی کا انتخاب کیوں کیا، میرے پاس بھارت میں بھی بہت سے آپشن تھے‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں دراصل جگجیت سنگھ اور فریدہ خانم کے ساتھ پاکستان آیا تھا، یہاں آکر عشق ہوگیا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ محبت آپ کو اندھا بنا دیتی ہے اور آپ جس شخص سے پیار کرتے ہیں اس کے بارے میں جذباتی ہو جاتے ہیں، خوش قسمتی سے چاندنی بھی میچور تھی اور ہم ایک جیسے ذہن رکھنے والے تھے، ہماری فریکوئنسی بھی میچ کرتی تھی، اس لیے ہم نے وقت ضائع نہیں کیا اور تین ماہ کے اندر شادی کرلی اور پھر لندن چلے گئے اور بچوں کی پیدائش وہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ علی خان کراچی میں پیدا ہوئے اور کم عمری میں ہی برطانیہ منتقل ہوگئے تھے تاہم ان کے بچپن کا کچھ حصہ بھارت میں بھی گزرا ، انہوں نے ابتدائی تعلیم ممبئی میں ہی حاصل کی اور کم عمری میں ہی (1993 میں) بھارتی ڈراموں سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔
بعدازاں انہوں نے بیک وقت برطانیہ، بھارت اور پاکستانی ڈراموں اور فلموں سمیت تھیٹرز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔