پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے قبل قومی ٹیم نے سہ فریقی سیریز میں حصہ لینا ہے تو اس صورتِ حال میں اگر صائم ایوب فٹ ہو جاتے ہیں تو پھر سہ فریقی سیریز کھیلنے والی ٹیم ہی چیمپئنز ٹرافی بھی کھیلے گی۔
دوسری صورت میں سلیکٹرز نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے صائم ایوب کا متبادل لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے سابق کرکٹر باسط علی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں ٹیم مینجمنٹ کو یہ مشورہ دیا ہے کہ اگر صائم ایوب فٹ نہیں ہوتے تو ان کا بہترین متبادل شان مسعود ہو سکتے ہیں۔
سلیکٹرز بھی شان مسعود کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں صائم ایوب کے متبادل کے طور پر شامل کرنے کا سوچ رہے ہیں لیکن ان کی اسکواڈ میں شمولیت کا انحصار ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں ان کی کارکردگی پر ہو گا۔
پاکستان کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کی تمام ٹیموں نے اپنے حتمی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پاکستان بھی آئی سی سی کو ابتدائی اسکواڈ کے نام بھجوا چکا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے 11 فروری تک حتمی اسکواڈ کا لازمی اعلان کرنا ہے۔