• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کا کام آخری مرحلے میں داخل

تصویر بشکریہ جیو نیوز
تصویر بشکریہ جیو نیوز

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

نئی تعمیر ہونے والی فار اینڈ بلڈنگ میں پلیئرز ایریا کا کام مکمل ہوگیا ہے جبکہ ٹاپ فلور پر پارٹیشن اور دیگر فلور پر صفائی کا کام جاری ہے۔

پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کے 2 انکلوژرز شاہد آفریدی اور یونس خان کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔

فروری میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی سیریز سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب گامزن ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جمعرات کو ایک بار پھر میڈیا کو اسٹیڈیم کا دورہ کرایا گیا۔

اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل مینجر ارشد خان نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے 2 انکلوژرز کو یونس خان اور شاہد آفریدی کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

ارشد خان کا کہنا تھا کہ نئی تمعیر ہونے والی بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر دو وی وی آئی پی اسٹینڈز بنائے جارہے ہیں۔ 1050 افراد کی گنجائش والے ان دو اسٹینڈز کو ماجد خان اور ظہیر عباس انکلوژر کا نام دیا جائے گا جبکہ موجودہ ماجد خان انکلوژر کو یونس خان اور ظہیر عباس انکلوژر کو نذر محمد کے نام سے منسوب کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے نقشے کے مطابق اب اسٹیڈیم کے حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز فار اینڈ بلڈنگ کے ساتھ ہوں گے جبکہ پرانی بلڈنگ کے برابر کے دو انکلوژرز اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کہلائیں گے۔

ارشد خان کا کہنا تھا کہ 3 لائٹ ٹاورز پر فریم لگانے کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ اگلے دو روز میں بقیہ ٹاورز پر بھی فریم کا کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد لائٹس نصب کردی جائیں گی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر بلال چوہان کا کہنا تھا کہ مین بلڈنگ میں تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے، گراؤنڈ فلور پر اسٹینڈز اور ٹاپ فلور پر پارٹیشن کا کام جلد مکمل ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹینڈز 28 جنوری تک تیار ہو جائیں گے جس کے بعد یہاں کرسیاں لگا دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے فلور پر موجود پلیئرز ڈریسنگ روم مکل ہوچکا ہے، اس کی صفائی کا کام جاری ہے۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اپ گریڈیشن کا تمام کام 31 جنوری تک مکمل ہو جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید