تعمیرات کی بات کریں تو یہ صنعت ہمیشہ سے ارتقاء پذیر رہی ہے اور شاید ہمیشہ رہے گی۔ سال ختم نہیں ہوتا کہ کوئی نہ کوئی نیا ٹرینڈ سامنے آجاتاہے، جو ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیش رفت سے لے کر پائیداری اور مضبوطی کو بھی اپنی نظر میں رکھتا ہے۔ اگر آ پ ایک کنسٹرکشن کمپنی چلا رہے ہیں تو آپ کو دوراندیش ہونا پڑے گا۔
آپ کو مستقبل میں آنے والے ٹرینڈز پر نظر اور ان کے بارے میں آگاہی حاصل کرنی ہوگی۔ اس طرح آپ مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے تیار رہیں گے۔ یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ تعمیراتی صنعت میں بہت سے رحجانات نے کام کو زیادہ آسان اور کارگر بنادیا ہے۔
اگر آپ ان سے واقف نہیں ہیں تو پھر آپ کو اپنی حریف کمپنیوں کے مقابلے میں زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، تاہم دوسروں کے مقابلے میں زیادہ مقبول ٹرینڈز کے بارے میں جاننا بھی ایک مشکل امر ہے۔ ہم یہاں ان چند رحجانات یا ٹرینڈز کی بات کریں گے، جو تعمیرات کے قرطاس پر ابھر رہے ہیں۔ یہ ٹرینڈز آئندہ سال تعمیرات کی صنعت پر گہرا اثر ڈالیں گے۔
ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھنا
صرف تعمیرات ہی نہیں، کسی بھی انڈسٹری میں ٹیکنالوجی کا استعمال اسے کئی قدم آگے لے جاتاہے لیکن بدقسمتی سے ابھی تک تعمیراتی صنعت ٹیکنالوجی کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکی ہے۔ بہرحال خاص طورپر تعمیراتی صنعت کیلئے تیار کردہ ٹیکنالوجی کی ترقی ہونے کی وجہ سے اس صنعت کی ترقی کا بھی قوی امکان ہے کیونکہ اب تعمیرات میں تھری ڈی پرنٹنگ اور ڈرون کا استعمال پہلے کے مقابلے میں کئی گنا زیاد ہ ہورہا ہے۔
کام کو آسان تر بناتے ہوئے ڈرونز، مٹیریل کو وہیں فکس کرتے ہیں جہاں اس کی ضرورت ہوتی ہے اور تھری ڈی پرنٹر بھی کسی قسم کی غلطی نہیں کرتے۔ خود کار طریقوں سے کام کرنے والی مشینر یز اور وہیکلز بھی مقبول ہوتی جارہی ہیں۔ موبائل اور کلائوڈ ایپلی کیشنز نے مزید آسانیاں پیدا کردی ہیں۔
پروجیکٹ مینجمنٹ سوفٹ ویئر کا استعمال
بہت سی صنعتیں بشمول تعمیراتی صنعت، پروجیکٹ مینجمنٹ سوفٹ ویئر کو اپنا رہی ہیں۔ یہ سوفٹ ویئر گذشتہ برسوں کی نسبت اب بہت زیادہ بہتر ہو چکا ہے۔ اس میں بہت سے اسپیشلائزڈ پروگرامز ہیں، جو مختلف کاموں کو آسان بناتے ہیں۔
اس میں نقشہ سازی اور ڈیزائننگ سے لے کر تعمیراتی سائٹ چلانے تک کے پروگرامز شامل ہیں۔ اس سوفٹ ویئر کے ذریعے تعمیراتی کمپنیوں کو تین بڑے فائد ے حاصل ہوتے ہیں جیسے کہ شفافیت ، احتسا ب اور کارکردگی۔ اس سوفٹ ویئر کو استعمال کرنے سے ملازمین کو کام سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے اور اس سے تعمیراتی سائٹس محفوظ ترہو جاتی ہیں۔ اس سے ریئل ٹائم کمیونیکیشن، ٹریکنگ کرنے اور جائزہ لینے میں مدد ملتی ہے۔
تیار شدہ حصے اور نمونے
پہلے سے تیار شدہ حصوں (Prefabrication)اور بنے بنائے نمونوں (Modular) نے کنسٹرکشن انڈسٹری کو مزید آسانی بخشی ہے۔ مثلاً آپ بلاکس سے دیوار بنانے کے بجائے بنی بنائی دیوار اٹھا کر جوڑ دیں یا بنے بنائے زینے لگا دیں۔ یہ مؤثر اور کم لاگت طریقہ ہے۔
لاگت کو کم کرنے کیلئے تعمیراتی کمپنیاں آنے والے مہینوں میں اسی رحجان کو اپنا رہی ہوں گی۔ اس کے استعمال کی وجہ سے عمارتیں سستی اور پائیدار ہونے کے ساتھ کم عرصے میں تیار ہوں گی۔
پائیدار ی پر بھرپور توجہ
کسی بھی عمارت کی سب سےبڑی خوبی اس کی پائیداری ہوتی ہے تاکہ وہ افتادِ زمانہ کو برداشت کرسکے۔ اسی لئے کامیاب کمپنیوں کی توجہ پائیداری پر زیادہ مرکوز ہوتی ہے۔ ساتھ ہی ماحولیاتی تبدیلیوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت کی حامل عمارتو ں کی تعمیر بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ آجکل پائیداری کے ساتھ ساتھ ایسی دیواریں بھی تعمیر کی جارہی ہیں، جو تازہ آکسیجن فراہم کرتی ہیں۔
حفاظتی اقدامات بہتر ہونا
زیادہ تر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ دنیا بھر میں تعمیراتی کام محفوظ نہیں ہوتا، خاص طور پر جب اس کا موازنہ آفس جاب سے کیا جائے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ دوران تعمیر ہونے والے حادثات و واقعات سے تاریخ بھری ہے، اسی وجہ سے تعمیراتی صنعت میں حفاظتی اقدامات میں خاص طور پر پیش رفت ہوئی ہے۔
حفاظتی اقدامات کی ضرورت تعمیراتی سائٹس کو محفوظ تر بنانے اور ٹیکنالوجی میں ترقی لانے کا پیش خیمہ ثابت ہوئی ہے۔ اب تو موبائل ایپس اور کمپیوٹر پروگرامرز نے مزدوروں کیلئے کسی بھی تعمیراتی سائٹ پر حفاظتی اقدامات اپنانے کو اوربھی آسان کردیا ہے۔