پشاور سے رواں سال کا پہلا منکی پاکس کا کیس سامنے آگیا۔
خیبر پختون خوا کے مشیرِ صحت احتشام علی نے کہا ہے کہ پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب نے دبئی سے آئے شخص میں منکی پاکس کی تصدیق کی ہے۔
مشیرِ صحت نے کہا کہ منکی پاکس کیس سامنے آنے کے بعد پبلک ہیلتھ ٹیم نے مریض کو پولیس سروسز اسپتال منتقل کر دیا ہے، پولیس اسپتال سے مریض کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور ایئر پورٹ کے مینجر کو خط لکھ دیا ہے جس میں دیگر مسافروں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ صوبے میں اب تک منکی پاکس کے 10 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، 2023ء میں دو، 2024ء میں 7 اور 2025ء میں اب تک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔