سوشل میڈیا پر اداکارہ و ماڈل حرامانی کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ معروف یوٹیوبر رجب بٹ سے خود کو امیر بنانے کی درخواست کرتی نظر آ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اداکار و یوٹیوبر رجب بٹ اور اداکارہ حرامانی نے ایک ساتھ ایک ویڈیو سونگ میں کام کیا ہے۔
اس پروجیکٹ کا پوسٹر بھی دونوں فنکاروں کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا جا چکا ہے۔
انسٹا گرام پر 8.3 ملین فالوورز رکھنے والی حرامانی رجب بٹ کے ہمراہ اس پروجیکٹ میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔
پروجیکٹ پر کام کے دوران بنائی گئی ان فنکاروں کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں رجب بٹ حرامانی کو یوٹیوب چینل بنانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
اس مشورے پر اداکارہ کا کہنا ہے کہ آپ ہی میرا یوٹیوب چینل بنا کر دیں گے، ساتھ میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ مجھے امیر بنا دو۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رجب بٹ حرامانی کے اس مطالبے پر حیران نظر آ رہے ہیں۔
بعد ازاں رجب بٹ حرامانی سے وعدہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ وہ ناصرف اداکارہ کو یوٹیوب چینل بنا کر دیں گے بلکہ ساتھ میں انہیں 5 لاکھ فالوورز بھی بطور تحفہ دیں گے۔
ویڈیو میں یوٹیوبر دعویٰ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مجھے روزانہ 40 لاکھ صارفین دیکھتے ہیں۔