پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی نےشوبز انڈسٹری کو جھوٹا قرار دے دیا۔
حال ہی میں اداکارہ نے ہدایت کار و اداکار جواد بشیر کی پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیریئر، نجی زندگی اور اہلِ خانہ کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شوبز میں ہر چیز جھوٹ ہے، پیسوں کی خاطر جھوٹ دکھایا اور پھیلایا جاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ یہی ہمارا کام ہے، ہمیں اسی کے پیسے مل رہے ہیں، جب تک ہم چیزوں کو گلیمرائز کر کے ضرورت سے زیادہ بڑھا چڑھا کر نہیں دکھائیں گے تو لوگوں کی توجہ حاصل نہیں ہو گی۔
میزیان نے سوال کیا کہ اس جھوٹی دنیا میں آپ کا دم نہیں گھٹتا؟
حرا مانی نے جواب دیا کہ میں کیمرے سے پیار کرتی ہوں اور اسی کے لیے صبح اُٹھ کر کام پر جاتی ہوں، کیمرے کو بھی مجھ سے پیار ہے، اسی لیے مجھے کامیابی ملی۔
انہوں نے کہا کبھی کبھی مولا جٹ جیسی فلم دیکھ کر رشک ہوتا ہے کہ شاید میں بھی ایسا کردار کر سکتی لیکن پھر جب اپنے گھر میں اپنے بچوں کو دیکھتی ہوں تو سب کچھ بھول جاتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ بس یہی زندگی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں سوچتی ہوں کہ میرے بچوں کے لیے صرف میں ہی ان کی ماں ہوں اور میری جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا، یہی مجھے حسد کرنے سے روکتا ہے اور میں زندگی میں جو مل گیا اس سے خوش رہتی ہوں۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے زندگی کو سب سے بڑا استاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندگی سب کچھ سکھا دیتی ہے اور میں نے بھی زندگی سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ زندگی نے مجھے وہ کچھ دیا ہے جو چاہتی تھی، ماضی کے مقابلے میں متحمل مزاج ہو گئی، اب اپنے بجائے دوسروں کے لیے سوچتی ہوں۔