پشاور ( وقائع نگار )ضلعی انتظامیہ پشاور نے حیات آبادمیں کھلی کچہری کا انعقاد کیاجس میں ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) اصغر سورانی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حسینہ خان اور پی ڈی اے حکام سمیت ضلعی محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے شرکت کی۔ باغ ناران میں عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر ائے گئے ۔ شرکاء نے مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی اوراپنے مسائل کے بارے میں کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے تحریری درخواستیں بھی دیں جس پرافسروں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔