پشاور (وقائع نگار) خاندانی منصوبہ بندی پشاور کے فلاحی مراکز برائے فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ کا ماہانہ اجلاس ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر پشاور سمیع اللہ خان خلیل کے زیر صدارت ہوا جس نے اجلاس کو محکمہ بہبودآبادی کی سرگرمیوں، مانع حمل ادویات کی فراہمی، آگاہی سیشنز اور فیملی پلاننگ سے آگاہی کیلئے جاری مختلف پروگرامز کے انعقاد بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔ سمیع اللہ خان خلیل نے کہا کہ قرآن پاک کی واضح تعلیمات ہیں کہ مائیں اپنے بچوں کو دو سال کے لئے دودھ پلائیں دین اسلام اپنے پیروکاروں کو ہر معاملہ میں میانہ روی اپنانے کی تلقین کرتا ہے اس حکم پر عمل کرنے سے آبادی میں بےہنگم اضافہ کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔آبادی میں اضافے کی وجہ سے معاشرے کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے۔ اس ضمن میں محکمے کو آبادی کنٹرول کرنے کیلئے تیز ترین قدامات کرنے ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں۔