وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب اسٹیڈیم میں ’کھیلتا پنجاب گیمز 2025ء‘ کا افتتاح کر دیا۔
انہوں نے ’کھیلتا پنجاب‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلتا پنجاب، آگے بڑھتا پنجاب اور ترقی کرتا پنجاب دیکھنا چاہتی تھی، پنجاب ایک کونے سے دوسرے کونے تک چیمپئنز سے بھرا پڑا ہے، یہ ناصرف پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ اس ایونٹ میں بڑی تعداد پنجاب کی بیٹیوں کی بھی ہے، یہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے مقابلے ہیں، آج سے ڈویژنل لیول کے مقابلوں کا آغاز ہو رہا ہے، اسپورٹس منسٹر اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دوں گی۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو 10 کروڑ روپے کے انعامات بھی دینے جا رہے ہیں، پنجاب میں 30 ہزار بچوں کو اسکالر شپس میرٹ پر ملی ہیں، 2200 بچوں کو یہاں میرٹ پر لایا گیا ہے، آپ کو اسٹیڈیم چاہیے، کوچنگ چاہیے، میں آپ کو دوں گی، میں چاہتی ہوں، انٹرنیشنل کوچز بلا کر بھی آپ کی ٹریننگ کی جائے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ تمام چیمپئنز کو میری طرف سے ایک ایک الیکٹرک بائیک ملے گی، ہم 60 ہزار روپے ماہانہ پر انٹرن شپ بھی کروا رہے ہیں، کاروبار کے لیے قرضہ بھی ملے گا، آپ لوگ شروع کریں، 7 فروری کو ہم بہت برسوں بعد ہارس اینڈ کیٹل شو بھی دوبارہ کرانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک کھیل ہوتا ہے اور ایک کھلواڑ ہوتا ہے، آپ نے کھیلنا ہے کھلواڑ نہیں کرنا، آپ کا ہر قدم پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے لیے ہونا چاہیے، پاکستان کے خلاف آپ کا کوئی قدم نہیں اٹھنا چاہیے، کسی کے کہنے پر آپ نے جلاؤ گھیراؤ نہیں کرنا۔