پی سی بی نے حنا منور کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کی پہلی خاتون منیجر مقرر کر کے تاریخ رقم کر دی۔
پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی سے قبل تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے مقرر چیف سیکیورٹی افسر حنا منور کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا منیجر مقرر کیا ہے۔
حنا منور 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے دوران آپریشنز منیجر کے فرائض انجام دیں گی، اس کے ساتھ ہی وہ 8 فروری سے شروع ہونے والی سہ ملکی سیریز کے دوران ٹیم کی نگرانی بھی کریں گی۔
واضح رہے کہ حنا منور کا پولیس گروپ سے تعلق ہے۔
گزشتہ برس 2 سال کے لیے ان کی پی سی بی میں تقرری ہوئی ہے۔
حنا منور سول سپیریئر سروسز کا امتحان مکمل کرنے کے بعد سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مختلف عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔
گزشتہ سال پی سی بی میں شمولیت کے علاوہ حنا منور کو ایشیاء کپ کے لیے جانے والی پاکستان ویمنز انڈر 19 اسکواڈ کا منیجر بھی نامزد کیا گیا تھا۔