لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کے بڑے صاحبزادے مجدد صابری نے والد کی شہرت کا فائدہ اٹھانے کا دلچسپ قصہ شائقین کو سنا دیا۔
حال ہی میں مجدد صابری نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی اور والد کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ دلچسپ قصے بھی سنائے۔
دورانِ گفتگو ان سے میزبان نے سوال کیا کہ اب تو آپ کافی مشہور ہو گئے ہیں، کیا کبھی اپنی شہرت کا فائدہ اُٹھایا ہے؟
میزبان کے سوال پر ماضی کا ایک مزاحیہ قصہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی شہرت کا تو نہیں لیکن والد کی شہرت کا فائدہ کافی مرتبہ اُٹھا چکا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارا تعلق کراچی ہے، جب ہم کراچی میں رہتے تھے اس وقت ایک مرتبہ ڈکیتی کی واردات ہونے والی تھی، ڈاکوؤں نے ہمیں گن پوائنٹ پر کہا کہ جو کچھ ہے وہ دے دو۔
مجدد صابری نے بتایا کہ میں نے ڈاکوؤں سے کہا کہ اب تم ہم سے بھی لو گے کیاَ؟ جس پر ڈاکوؤں نے غور کیا اور کہا کہ آپ تو امجد بھائی کے بیٹے ہو، جس کے بعد ہماری 15 منٹ گفتگو ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ 15 منٹ کی گفتگو کے دوران میں نے ڈاکوؤں کا بزنس ماڈل سمجھا کہ وہ موبائل فون کہاں اور کون سا فون کتنے میں فروخت کرتے ہیں، 15 منٹ کی گفتگو کے بعد ڈاکوؤں نے ہمیں کچھ لیے بغیر جانے دیا۔