• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دی ہیگ میں ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

سفارت خانہ پاکستان، دی ہیگ میں ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں نیدر لینڈز میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، کشمیر پیس فورم کے عہدیداران اور پاکستان یوتھ اینڈ اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

چارج ڈی افیئرز  جمال ناصر نے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کی پریزنٹیشن میں جموں و کشمیر تنازعہ کے تاریخی تناظر، موجودہ صورتحال اور بین الاقوامی قانون کے پہلو کا احاطہ کیا گیا۔ 

انہوں نے پاکستان کی قیادت کی طرف سے جموں و کشمیر کے مسئلے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوششوں کا تذکرہ کیا، انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان اِن کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، انہوں نے اس سلسلے میں نیدرلینڈز میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مزید فعال کردار کی حوصلہ افزائی کی۔

سیمینار کے معزز مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر تنازعہ کی تاریخی، سیاسی اور قانونی جہتوں پر روشنی ڈالی، اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن اور منصفانہ حل میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ 

پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز افراد اور کشمیر پیس فورم کے قائدین بشمول جناب اعجاز حسین سیفی، محترمہ بدرالنساء باری اور راجہ محمد فاروق، سیمینار کے مقررین میں شامل تھے۔ 

صحافی برادری کی طرف سے ڈاکٹر محمد کامران خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری صحافیوں اور رہنماء بشمول خرم پرویز اور یاسین ملک کی رہائی کا پر زور مطالبہ کیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان میں ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا جس میں کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید