• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان مختار نے خود کو ’کیوپڈ ‘ کیوں کہا؟

عثمان مختار —فائل فوٹو
عثمان مختار —فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار عثمان مختار کو مداحوں نے ساتھی اداکاراؤں کے لیے خوش قسمتی کا ستارہ قرار دے دیا۔

پہلے کبریٰ خان اور گوہر رشید اور اب ماورا حسین اور امیر گیلانی کی جانب سے شادی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ خود عثمان مختار نے بھی اپنے آپ کو کیوپڈ (cupid) یعنی عشق کا دیوتا قرار دیا ہے۔

عثمان مختار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کبریٰ خان اور گوہر رشید کو مبارک باد دی اور خود کو کیوپڈ  قرار دیا ہے۔

ان دنوں پاکستانی شوبز انڈسٹری میں شادیوں کا سیزن چل رہا، کچھ عرصے سے اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی کی دھوم مچی ہوئی ہے، حال ہی میں ان کی پہلی ڈھولکی کا اہتمام کیا گیا۔

کبریٰ خان اور گوہر رشید طویل عرصے سے گہرے دوست ہیں اور انہوں نے رواں سال کے آغاز کے ساتھ ہی اپنی دوستی کو جلد رشتۂ ازدواج میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ابھی سوشل میڈیا صارفین اس جوڑی کی شادی کی خوشیاں منا ہی رہے تھے کہ اچانک اداکارہ ماورا حسین اور اداکار امیر گیلانی نے بھی اپنے نکاح کا اعلان کر دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکاراؤں کی جانب سے شادی سے متعلق اعلان کے بعد عثمان مختار سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے، کیونکہ اداکار 2019ء میں آن ایئر ہونے والے ڈرامے ’انا‘ کے بعد سے اب تک جس اداکارہ کے مدِ مقابل مرکزی کردار نبھاتے رہے ہیں اس کی شادی ہو جاتی ہے۔

عثمان مختار کے مدِ مقابل کام کرنے والی اداکارائیں جن کی قمست کھل گئی

2019ء میں نشر ہونے والی ڈرامہ سیریل ’انا‘ میں عثمان مختار نے اداکارہ نمیل خاور کے مدِمقابل اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، جس کے بعد 2019ء میں اداکارہ نمیل خاور کی شادی حمزہ علی عباسی سے ہوئی۔

2020ء میں نشر ہونے والے ڈرامے ’ثبات‘ میں اداکار نے اداکارہ سارہ فلک کے مدِمقابل کام کیا اور 2020ء میں ہی سارہ کی شادی گلوکار فلک شبیر سے ہو گئی۔

اس کے بعد عثمان مختار 2021ء میں ڈرامہ سیریل ’ہم کہاں کے سچے تھے‘، میں اداکارہ ماہرہ خان اور اداکارہ کبریٰ خان کے ساتھ جلوہ گر ہوئے، 2022ء میں اداکارہ مدیحہ امام کے ساتھ ویب سیریز ’ایک تو تم عورتیں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے، 2023ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’چکڑ‘ میں اداکارہ اُشنا شاہ کے ساتھ، 2024ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’عمرو عیار - ایک نئی شروعات‘ میں اداکارہ صنم سعید کے مدِمقابل کام کیا۔

2021ء میں صنم سعید کی دوسری شادی اداکار محب مرزا سے ہوئی، 2023ء میں اداکارہ ماہرہ خان اور بزنس مین سلیم کریم کی شادی کی خبر سامنے آئی، 2023ء میں ہی اداکارہ اشنا شاہ نے گالف پلیئر حمزہ امن سے شادی کا اعلان کیا اور اب اداکارہ ماورہ حسین نے اپنے نکاح کا اعلان کیا ہے، ادھر اداکارہ کبریٰ خان بھی رواں ماہ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گی۔

اگلا نمبر کس کا؟

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ عثمان مختار حال ہی میں ڈرامہ سیریل جفا میں 24 سالہ اداکارہ سحر خان کے مدِمقابل دکھائی دیے، جس کے بعد اب سحر خان کی شادی کی چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید