پاکستانی خوبرو اداکارہ ماورا حسین سے نکاح کے بعد اداکار امیر گیلانی کی پہلی پوسٹ سامنے آ گئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے نکاح پر اللّٰہ کا شکر ادا کیا ہے۔
انہوں نے اپنے نکاح کی خوبصورت تصاویر بھی شیئر کی ہیں جن میں ان کے عزیز و اقارب کو اس پُر مسرت موقع پر خوش و خرم انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔
امیر گیلانی نے پوسٹ کے کیپشن میں نکاح پر شکر ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کل میں نے اپنی بہترین دوست سے شادی کر لی، اپنی کُل کائنات کے ساتھ اس کا جشن منایا، الحمد للّٰہ۔
مذکورہ انسٹا پوسٹ سامنے آتے ہی جہاں سوشل میڈیا صارفین، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے، وہیں اداکار عثمان مختار کا کمنٹ توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین مذکورہ پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں عثمان مختار کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’آپ شادی ڈاٹ کام ہیں‘، ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ ’سچ میں آپ جس کے ساتھ ڈرامے میں کام کرتے ہیں اس کی شادی ہو جاتی ہے‘۔
واضح رہے کہ 32 سالہ اداکارہ ماورا حسین اور 28 سالہ اداکار امیر گیلانی کی جوڑی کو 2020ء میں آن ایئر ہونے والے ڈرامے ثبات اور پھر 2023ء میں آن ایئر ہونے والے ڈرامے نیم میں بے حد پسند کیا گیا تھا۔
مختلف سوشل میڈیا پیجز کے مطابق ان کے نکاح کی تقریب لاہور میں ہوئی ہے جبکہ شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی دیگر تقریبات کا اہتمام اسلام آباد میں ہو گا۔