• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واقعی محسن اسپیڈ کرکٹ میں نظر آرہی ہے، مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے متعلق تعریفی کلمات کہہ دیے۔

خوبصورت اور نئے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ کے دوران محسن نقوی سے مرتضیٰ وہاب نے ملاقات کی۔

دوران ملاقات کراچی میں سہ ملکی کرکٹ سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر تبادلہ خیال اور نیشنل اسٹیڈیم میں میچز کے انعقاد اور شائقین کرکٹ کی سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون پر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بھی دیکھا۔

مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ریکارڈ مدت میں قذافی اسٹیڈیم مکمل کرنے پر چیئرمین محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ واقعی محسن اسپیڈ کرکٹ میں نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویل ڈن محسن نقوی صاحب، انتہائی شاندار معیاری قذافی اسٹیڈیم دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے، اسٹیڈیم کو دنیا کا خوبصورت ترین گراؤنڈ بنانے کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے قذافی اسٹیڈیم کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب پر بھی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مبارکباد دی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ 10 اکتوبر سے 7 فروری تک کے کٹھن اور پیچیدہ کام کا خوبصورت اور یادگار اختتام ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سفر میں میرے شانہ بشانہ چلنے ہر شخص کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، اللّٰہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید