پاکستان کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے اپنی شادی کے موقع پر شوہر امیر گیلانی کے ڈانس کی ویڈیو خوبصورت پیغام کے ساتھ شیئر کردی۔
گزشتہ دنوں ماورا حسین اور امیر گیلانی کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد ماورا اور امیر گیلانی کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایسی ہی ایک خوبصورت ویڈیو ماورا نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں ان کے شوہر امیر گیلانی شیندی کی تقریب میں زبردست انداز میں ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں، جسے دیکھ کر ماورا بھی حیران ہوئے بنا نہ رہ سکیں۔
اداکار امیر گیلانی نے بالی ووڈ فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے مشہور گانے ’ساجن جی گھر آئے‘ پر رقص کیا اور اسکی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے یہ ڈانس سلمان خان کے ہی اسٹائل میں کیا۔
اپنے شوہر کو ڈانس کرتا دیکھ کر ماورا حسین بھی کافی خوش نظر آئیں اور آخر میں انہوں نے امیر گیلانی کو گلے بھی لگا لیا۔
اس ویڈیو پر ناصرف مداحوں بلکہ دیگر سلیبرٹیز کی جانب سے بھی دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوا، جن میں اداکارہ عائشہ عمر اور ماہرہ خان نے بھی اپنے تبصروں کے ذریعے امیر گیلانی کے رقص کو پسند کیا۔
عائشہ عمر نے ماورا حسین کو شادی کی مبارکباد بھی دی جبکہ ماہرہ خان نے امیر گیلانی کے رقص کو پسند کرتے ہوئے ان کی بھرپور تعریف بھی کی ہے۔