نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ گراؤنڈ کے اطراف ایل ای ڈی لیزر اور فینسی لائٹس لگا دی گئی ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد اُس کا رنگا رنگ افتتاح کل ہوگا۔ گراؤنڈ کے اطراف ایل ای ڈی، لیزر اور فینسی لائٹس لگادی گئی ہیں۔
معروف گلوکار شفقت امانت علی، ساحر علی بگا اور دیگر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ آتش بازی اور لائٹس شو کا شاندار مظاہرہ بھی ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں عوام کا داخلہ مفت ہوگا، وہ اپنی شناخت کروا کے اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔
افتتاحی تقریب سے قبل اپ گریڈیشن کے کام میں حصہ لینے والے ورکرز کو ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شائقین اور کھلاڑیوں کےلیے عالمی معیار کی سہولتیں دی ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پویلین کی عمارت کو دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔ ہر انکلوژر میں نئی کرسیاں، ایل ای ڈی لائٹس، جدید اسکرینز لگائی گئی ہیں۔ شائقین کے بہتر نظارے کےلیے جنگلےختم کر دیے گئے ہیں۔
محسن نقوی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹر اور پی سی بی کی پوری ٹیم نے انتھک محنت سے کام کیا ہے۔