ہالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار آرنلڈ شوارزنیگر اپنے بیٹے پیٹرک شوارزنیگر کی نئی ویب سیریز ’وائٹ لوٹس‘ کے تیسرے سیزن میں شاندار کارکردگی پر خوشی سے نہال ہوگئے۔
آرنلڈ نے ناصرف اپنے بیٹے کی اداکاری کی تعریف کی بلکہ اس کی کامیابی کو اسکے کیریئر کی ایک بڑی پیشرفت بھی قرار دیا۔
آرنلڈ شوارزنیگر نے وائٹ لوٹس سیزن 3 کے پریمیئر میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیٹے کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر لی گئی تصویر بھی شیئر کی۔
اپنی پوسٹ میں آرنلڈ نے تحریر کیا، ’میں بہت پُرجوش تھا کہ شوٹنگ سے وقت نکال کر پیٹرک شوارزنیگر کی کامیابی کا جشن منا سکوں۔ کیا زبردست شو ہے! پیٹرک نے ایک شاندار کردار ادا کیا ہے اور اس کی کارکردگی قابل دید ہے۔‘
پیٹرک اس مقبول ڈرامہ سیریز میں ساکسن نامی ایک امیر خاندان کے بیٹے کا کردار نبھا رہے ہیں۔
وائٹ لوٹس، جو مائیک وائٹ کے تخلیق کردہ اینتھالوجی ڈرامہ کا حصہ ہے، کا تیسرا سیزن 16 فروری کو ایچ بی او پر ریلیز ہو رہا ہے۔
پریمیئر سے قبل ایک پریس کانفرنس میں پیٹرک نے اپنے کردار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تجربہ ان کے کیریئر میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا اور وہ اس کردار کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چاہتے ہیں۔
آرنلڈ شوارزنیگر نے اپنی حسِ مزاح کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹے کے ایک سین پر مزاحیہ تبصرہ بھی کیا اور اسے اپنے کیریئر سے جوڑا۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو ہنسانے کے لیے کہا، ’کیا کہہ سکتا ہوں، سیب درخت سے زیادہ دور نہیں گرتا!‘
یہ جملہ ان کی مشہور فلم ٹرمینیٹر کے یادگار سین کی طرف اشارہ تھا، جس میں ان کا کردار ایک مشن پر بھیجا گیا سائبورگ قاتل ہوتا ہے۔ تاہم شائقین کے لیے سب سے اہم چیز پیٹرک شوارزنیگر کی بہترین کارکردگی ہے، جس نے اسے ایک ابھرتے ہوئے اسٹار کے طور پر مزید مستحکم کر دیا ہے۔