مشہور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپنی اوپن اے آئی نے ایلون مسک کی 97.4 ارب ڈالرز کی پیشکش ٹھکرانے کی وجہ بتا دی۔
اوپن اے آئی نے گزشتہ روز وفاقی عدالت میں ایک خط جمع کروایا ہے جس میں عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ ایلون مسک کی 97.4 ارب ڈالرز کی پیشکش ان کی جانب سے اوپن اے آئی کے خلاف دائر کردہ اس مقدمے سے متصادم ہے جس میں یہ دلیل دی گئی ہے کہ چیٹ جی پی ٹی بنانے والے کے اثاثے نجی فوائد کے لیے استعمال نہیں ہونے چاہئیں۔
خط میں لکھا ہے کہ ایلون مسک کی حالیہ پیشکش کا مطلب ہے کہ اوپن اے آئی کے تمام اثاثوں کو انہیں اور ان کے نجی سرمایہ کاروں کو منتقل کر دیا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک نے اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین اور دیگر پر مقدمہ کیا تھا جس میں عدالت سے یہ اپیل کی گئی تھی کہ کمپنی کی منافع بخش ادارے میں منتقلی کی کوشش کو روکا جائے۔
ایلون مسک کا عدالت میں اوپن اے آئی کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ کمپنی کے اثاثے ایک خیراتی ٹرسٹ کے اندر ہی رہنے چاہئیں اور انہیں نجی فوائد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے 2015ء میں سیم آلٹمین کے ساتھ مل کر ایک غیر منافع بخش کمپنی اوپن اے آئی کی بنیاد رکھی تھی لیکن پھر 2022ء میں سیم آلٹمین سے اپنے راستے الگ کر لیے تھے اور 2023ء میں اوپن اے آئی کے مقابلے پر ایکس اے آئی کے نام سے اپنے ایک نئے اے آئی اسٹارٹ اپ کی بنیاد رکھی تھی۔