رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ مجھے پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ بانئ پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ نہیں۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے مفاد پرست ٹولے نے پارٹی سے نکلوایا ہے، اس ٹولے نے گزشتہ ایک سال سے بانئ پی ٹی آئی کو محصور کیا ہوا ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ اپنے معاملے پر بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات کی خواہش اب نہیں، بار بار پارٹی سے نکال کر میری بے توقیری کی جا رہی ہے، مزید بے توقیری برداشت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پارٹی سے نکالنا مکمل ناانصافی پر مبنی ہے، میرا مؤقف سنے بغیر مجھے پارٹی سے نکالنا افسوس ناک ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو بار بار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی کے خلاف بیانات دینے پر پہلے شوکاز نوٹس دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق صوابی جلسے میں غیر ضروری تقریر پر بانیٔ پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت پر اظہارِ برہمی کیا تھا، پارٹی رہنما جلد شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔